زیورخ ، 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فیفا کے صدر سپ بلاٹر نے انکشاف کیا ہے کہ فرانس اور جرمنی نے 2018ء اور 2022ء ورلڈ کپ کی میزبانی کی بولی کے موقع سیاسی دباؤ ڈال کر اثر انداز ہونے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی اور ان کے جرمن ہم منصب کرسچین وولف پر الزام عائد کیا کہ 2010ء میں میزبانوں کے اعلانوں سے قبل انہوں نے ووٹنگ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی تھی۔ 79 سالہ بلاٹر نے کہا کہ یہی وجہ تھی کہ ہمیں قطر کو 2022ء ورلڈکپ کی میزبانی سونپنی پڑی۔ 2010ء میں فیفا نے 2018ء اور 2022ء ورلڈ کپ کی میزبانی کیلئے بالترتیب روس اور قطر کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔ اس پر یورپی ملکوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور بولی کے عمل پر شکوک میں بلاٹر پر الزامات عائد کئے۔ اس معاملے کی سوئس حکام تفتیش کر رہے ہیں۔