ریو ڈی جنیریو 29 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) کولمبیا نے دو مرتبہ کی چمپئن یورو گوئے کو شکست دیتے ہوئے فٹبال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ کولمبیا کی اس کامیابی میں اس کے ابھرتے ہوئے نوجوان اسٹار جیمس راڈرگیوز نے دو گول کرتے ہوئے اہم رول ادا کیا ۔ کوارٹر فائنل میں اب کولمبیا کا مقابلہ برازیل سے ہوگا جس نے اپنے پری کوارٹر فائنل میچ میں چلی کے خلاف پنالٹی شوٹ آوٹ میں 3 – 2 سے کامیابی حاصل کرکے یہاں جگہ حاصل کی ہے ۔ 22 سالہ جیمس راڈ رگیوز نے کولمبیا کیلئے یوروگوئے کے خلاف انشادر مظاہرہ کیا اور انہوں نے میچ کے دونوں ہاف میں ایک ایک گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی ۔
وہ اب تک ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے اسٹار بن گئے ہیں۔ انہوں نے چار میچس میں پانچ گول کئے ہیں۔ کولمبیا پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہونچنے میں کامیاب رہا ہے ۔ قبل ازیں برازیل کی ٹیم نے چلی کے خلاف اپنا میچ پنالٹی شوٹ آوٹ میں جیتا ۔ میچ کے اصل وقت تک دونوں ٹیمیں 1 – 1 سے مساوی اسکور پر تھیں تاہم پنالٹی شوٹ آوٹ میں چلی کے خلاف برازیل کو 3 – 2 سے کامیابی حاصل ہوئی ۔ کل کے دونوں میچس میں راڈرگیوز ہی اسٹار رہے جنہوں نے اب تک کے ورلڈ کپ کے سب سے بہترین گول کئے ہیں۔ 28 ویں منٹ میں انہوں نے پنالٹی ایریا میں ملنے والے ایک پاس کو اچھا سنبھالا اور بائیں کک سے بہترین گول اسکور کیا ۔ گول کیپر یورو گوئے مسلیرا نے اسے روکنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے ۔ کولمبیا کی ٹیم میچ پر حاوی بھی رہی اور گیند پر زیادہ تر اسی کا قبضہ رہا ۔ حالانکہ یوروگوئے نے لوئی سواریز کے غیاب میں پہلے ہاف کے آخری وقت میں واسپی کی کوشش کی تھی
لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکی ۔ دوسرے ہاف میں 50 ویں منٹ میں راڈ رگیوز نے یوروگئے کی مشکلات میں ایک اور گول کرتے ہوئے اضافہ کردیا ۔ انہوں نے سیدھی جانب سے پبلو ارمیرو سے ملنے والے ایک اچھا پاس کو بہترین انداز میں گول پوسٹ میں داغ دیا ۔ دوسرے میچ میں برازیل کے گول کیپر جولیو سیزر ہیرو بن کر ابھرے انہوں نے پنالٹی شوٹ آوٹ میں چلی کے موریشیو پنیلا اور الیکسس سانچیز کے شوٹس کو روکنے میں کامیابی حاصل کی جبکہ گونزالو یارا کا شوٹ پوسٹ سے ٹکرا کر باہر نکل گیا ۔
دونوں ٹیمیں میچ کے اصل وقت میں 1 – 1 سے برابری پر تھیں۔ پنالٹی شوٹ آوٹ میں برازیل کی جانب سے ڈیوڈ لوئی ‘ مارسیلو اور نیمر نے ایک ایک گول کیا ۔ برازیل کے ولین اور ہلک کے کک اسکور نہیں کرسکے ۔ چلی کی ٹیم 1962 میں یہ ٹورنمنٹ منعقد کرنے کے بعد پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل میں رسائی کی کوشش کر رہی تھی تاہم وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکی ۔ برازیل کو میچ کے 55 ویں منٹ میں فیلڈ گول کرتے ہوئے مقابلہ جیتنے کا موقع دستیاب ہوا تھا تاہم ہلک کا ایک شاٹ پنالٹی ایریا سے بائیں جانب سے گول پوسٹ میں چلا گیا تھا لیکن انگلش ریفری ہورڈ ویب نے اسے گول نہیں دیا اور ہلک کو ہینڈ بال کا مرتکب قرار دیا۔ یورو گوئے کی ٹیم سواریز کے غیاب میں میدان میں جدوجہد کرتی نظر آئی حالانکہ اس نے کچھ وقت کیلئے جارحانہ تیور اختیار کئے تھے لیکن اس سے اسے میچ میں کامیابی حاصل کرنے کا موقع دستیاب نہیں ہوا ۔