ورلڈ کپ فاسٹ بولروں کیلئے سخت چیلنج ثابت ہوگا: وسیم اکرم

ملبورن۔11 فبروری(سیاست ڈاٹ کام ) عالمی شہرت یافتہ فاسٹ بولر اور 1992میں پاکستان کو ورلڈ کپ دلانے والے وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ فاسٹ بولروں کے لئے سخت چیلنج ثابت ہوگا۔ آئی سی سی کے لئے تحریرکردہ کالم میں وسیم اکرم نے کہا کہ آسٹریلیا میں پہلی مرتبہ کھیلنے والے یہاں کی وکٹوں کی اچھال کو دیکھ کرخوش ہوں گے لیکن محدود اوورز کے لئے شارٹ آف گڈ لینتھ اور رفتار میں کمی بیشی کرنے والا بولر ہی کامیاب ہوسکتا ہے۔یہاں پہلی مرتبہ بولنگ کرنے والوں کو مشکل پیش آئے گی۔ وسیم اکرم نے کہا کہ1992میں ہم خوش قسمت تھے کہ ہمارے پاس اعجاز احمد اور عامر سہیل جیسے جزوقتی بولر تھے۔ عاقب جاوید نپی تلی بولنگ سے رنز روکے تھے اور میں جارحانہ بولنگ کرتا تھا۔ مشتاق احمد نے بھی آسٹریلیا کی وکٹوں سے اچھال حاصل کیا۔ ورلڈ کپ کی دو گیندوں کو میں کبھی فراموش نہیں کرسکوں گا میں نے منصوبے کے مطابق گیندیں کرئیں اور پاکستان کو تاریخی جیت کے دہلیز پر لاکھڑا کیاتھا۔