ممبئی۔ 27جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ کپ کے آغاز سے پہلے جواریوں نے مال کمانے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے اور ممبئی پولیس نے سٹے بازوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیاہے۔ عالمی کپ کے دوران ہمیشہ ہندوستان میں اربوں روپے کا سٹہ لگایا جاتا ہے۔ اس بار بھی میگا ایونٹ کی آمد کے ساتھ ہی سٹے بازوں نے اپنے نیٹ ورکس کو فعال کرنا شروع کر دیا ہے۔ وہ ٹورنامنٹ سے بڑے پیمانے پر مال کمانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ممبئی پولیس بھی حرکت میں آگئی ہے۔ کمشنر راکیش ماریہ نے اہم عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کی جس میں سٹے بازوں کے خلاف دھاوے اور سخت کارروائی کے بارے میں حکمت عملی تیار کی گئی۔ کمشنر نے پولیس افسران کو حکم دیا کہ جوا کھلانے والے ہرشخص کو ڈھونڈ نکالا جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ان احکامات کے بعد شہر میں قائم 93 پولیس اسٹیشنوں اور 12 کرائم برانچ یونٹس نے ماضی میں سٹے بازی میں ملوث لوگوں کا ریکارڈ چھاننا شروع کر دیا ہے۔ ڈپٹی پولیس کمشنر دھننجے کلکرنی کا کہنا ہے کہ تمام پولیس اسٹیشنز اور کرائم برانچ نے سٹے بازی کے خاتمے کی مہم شروع کر دی ہے۔ پولیس نے مخبروں کو پھیلا دیا اور آن لائن چیکنگ بھی ہو رہی ہے۔ انڈر ورلڈ مافیا ملک میں غیر قانونی جوا کھلانے والے سنڈیکیٹس کو چلانے میں مددگار ہیں۔ لیکن ہم بھی انہیں پکڑنے کے لیے تیار ہیں۔