ڈھاکہ۔23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ سے قبل اہم بنگلہ دیشی مسائل کا شکار ہورہی ہے جیساکہ فٹنس مسائل سے دوچار بولروں کی فہرست میں اضافہ ہوگیا۔ بنگلہ دیش نے ورلڈ کپ سے قبل آئرلینڈ میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ سہ رخی سیریز کیلیے روانگی سے قبل ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے اور کیمپ کے ابتدائی دن چند اہم فاسٹ بولرس کے فٹنس مسائل میں دوچار ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔ مستفیض الرحیم پہلے سے ہی ٹخنے کی تکلیف کا شکار ہیں اور دو ہفتوں کیلیے انھیں آرام کی ہدایت دی گئی ہے لیکن اب روبیل حسین عضلات کی جکڑن اور محمد سیف الدین کہنی کی تکلیف سے دوچار ہوچکے جبکہ ابو زید بھی معمولی تکالیف میں مبتلا ہیں۔ خاص طور پر مستفیض کے حوالے سے ٹیم مینجمنٹ کافی پریشان ہے جوکہ گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف فٹنس مسائل سے دوچار ہورہے ہیں۔ ان کے بارے میں بولنگ کوچ کورٹنی واش نے واضح کیا ہے کہ انھیں جلد بازی میں میدان میں نہیں اتارا جائے گا۔کیمپ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں کورٹنی واش نے کہا کہ مستفیض کو ورلڈ کپ میں اہم کردار ادا کرنا اور اس کیلیے ان کا مکمل فٹ ہونا ضروری ہے، اس لیے ہم ان کو جلد بازی میں میدان میں اتارنے کا ارادہ نہیں رکھتے بلکہ آئرلینڈ میں سہ رخی سیریز کے دوران بھی انھیں احتیاط سے استعمال کیا جائے گا، ویسے بھی ہم صرف ایک بولر پر انحصار نہیں کررہے، ہمارے پاس شکیب الحسن، مشرفی مرتضیٰ اور روبیل کی صورت میں مستقل مزاجی سے اچھا مظاہرہ کرنے والے بولرز موجود ہیں۔ مجھے امید ہے کہ جوکھلاڑی فٹنس مسائل سے دوچار ہیں وہ بھی ان سے جلد چھٹکارا حاصل کرلیں گے۔