ورلڈ کپ سے قبل آخری اوورس کی بولنگ میں بہتری ناگزیر:دھونی

لیڈس ۔ 6 ستمبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے ساتھی فاسٹ بولروں کو یہ پیغام دیا ہے کہ آئندہ برس منعقد شدنی آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ سے قبل اننگز کے آخری اوورس میں کی جانے والی بولنگ کے مظاہروں کو بہتر کیا جائے تاکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں خطاب کا دفاع کیا جاسکے۔ مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کے آخری مقابلے میں 41 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی تاہم اس کے باوجود وہ پچاس اوورس کی کرکٹ میں کھیلی گئی سیریز 3-1 کے ذریعہ اپنے نام کرلی ۔ ونڈے سیریز کے اختتام کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے مہمان ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے کہا کہ اننگز کے آخری اوورس میں جس طرح کا مظاہرہ کیا جارہا ہے اس میں میں بہتری کا خواہاں ہوں کیونکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے حالات مختلف ہوتے ہیں جہاں ہم نے بہت زیادہ مقابلے نہیں کھیلے ہیں نیز نیوزی لینڈ کے میدان کسی قدر چھوٹے بھی ہوتے ہیں اور ان میدانوں میں ہم اسپنرس کو 40 اوورس کے بعد استعمال نہیں کرسکتے ، جس کی وجہ سے فاسٹ بولروں پر بہتر مظاہرہ کیلئے مزید دباؤ بنے گا ۔ ہندوستانی ٹیم کیلئے ورلڈ کپ سے قبل گھریلو میدانوں پر ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کھیلنی ہے جس کے بعد جنوری میں ونڈے چمپین ٹیم آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں انگلینڈ کے ہمراہ ایک سہ رخی سیریز بھی کھیلی جائے گی ، لہذا دھونی ان اہم سیریزوں میں بہتر مظاہرے کیلئے اپنے بولرس کو اشارہ دیا ہے ۔ دھونی کے بموجب مجوزہ سہ رخی سیریز ہندوستانی بولروں کیلئے تیاری کا ایک بہترین موقع ہوگا ۔