ویلنگٹن ۔ یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کمار سنگاکارا اور ایل تھیرامنے کی شاندار سنچریوں کی بدولت سری لنکا نے ورلڈ کپ کے پول اے کے میچ میں انگلینڈ کے خلاف 300 سے زیادہ کے اسکور کا کامیابی سے تعاقب کرتے ہوئے نو وکٹس سے کامیابی حاصل کرلی ۔ انگلینڈ نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 309 کا قابل لحاظ اسکور کھڑا کیا تھا اور یہ تاثر پیدا ہوا تھا کہ میچ دلچسپ ہوسکتا ہے تاہم سری لنکا نے ابتداء سے اس اسکور کا آسانی سے تعاقب کرتے ہوئے ایک قدرے مشکل اسکور کو بھی آسانی سے پار کرلیا ۔ پہلی وکٹ کی رفاقت میں ہی سری لنکا کیلئے 100 رن بنالئے گئے تھے ۔ اس کے بعد تھیرامنے اور کمار سنگاکارا نے دوسری وکٹ کی رفاقت میں 212 رن بناتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کردیا ۔ تھیرامنے نے تلک رتنے دلشان کے ساتھ اننگز کی شروعات کی تھی اور وہ 139 رنز اسکور کرنے کے بعد ناکام رہے جبکہ دوسرے اوپنر تلک رتنے دلشان نے 44 رن اسکور کئے تھے ۔ سری لنکا کی اننگز میں آوٹ ہونے والے وہ واحد بلے باز رہے جو معین علی کی گیند پر آوٹ ہوئے تھے ۔ تھیرامنے اور سنگاکارا کی جوڑی نے جیمس اینڈرسن کی قیادت والی انگلش ٹیم کی بولنگ کو معمولی ثابت کیا اور پوری آسانی کے ساتھ رنز اسکور کرتے رہے ۔ تھیرامنے اور سنگاکارا نے دوسری وکٹ کیلئے انگلینڈ کے خلاف پارٹنرشپ کا ریکارڈ بھی بہتر کرلیا ۔ 25 سالہ تھیرامنے کا اننگز کے چوتھے اوور میں اسٹیورٹ براڈ کی گیند پر کیچ گرادیا گیا تھا جب وہ صرف تین رن کے انفرادی اسکور پر کھیل رہے تھے ۔ انہوں نے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور ورلڈ کپ میں سنچری اسکور کرنے والے نوجوان کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے 143 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 13 چوکے اور دو چھکے لگائے ۔ انہوں نے آخری چھکا لگاتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا ۔
سنگاکارا نے بھی دوسری جانب سے اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کیا اور انہوں نے کسی موقع کے بغیر اپنے کیرئیر کے 23 ویں ونڈے سنچری اسکور کی ۔ انہوں نے 86 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 117 ناٹ آوٹ رنز بنائے جن میں دو چھکے اور 11 چوکے شامل ہیں۔ سری لنکا نے حالانکہ انگلینڈ کی اننگز میں ایک دو بلے بازوں کے کیچ گرادئے تھے لیکن بیٹنگ کرتے ہوئے اس کے بلے بازوں نے تمام خامیوں کا ازالہ کرتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کرلی ۔ قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے انگلینڈ نے مڈل آرڈر بلے باز جو روٹ کی شاندار سنچری کی بدولت اپنے مقررہ 50 اوورس میں چھ وکٹس کے نقصان پر 309 رنوں کا اسکور کھڑا کیا تھا ۔ جو روٹ نے 108 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 121 رن بنائے تھے ۔
انہیں ہیرات نے بولڈ کیا تھا ۔ انگلینڈ کی جانب سے اوپنر ایان بیل نے اچھی بیٹنگ کی تھی اور وہ 54 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 49 رنز بناکر لکمل کی گیند پر بولڈ ہوئے تھے ۔ معین علی 15 رن بناکر آوٹ ہوئے جبکہ گیری بلانس نے صرف 6 رن اسکور کئے ۔ انگلش کپتان آئین مورگن نے 27 رن بنائے تھے ۔ انہوں نے ایک چھکا اور دو چوکے لگائے تھے ۔ جیمس ٹیلر 25 رن بناکر ملنگا کی گیند پر دلشان کو کیچ دے بیٹھے ۔ مورگن کو پریرا نے کیچ آوٹ کیا تھا ۔ انگلینڈ کیلئے آخری لمحات میں وکٹ کیپر جوس بٹلر نے تیز رفتار بیٹنگ کی ۔ انہوں نے 19 گیندوں میں ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 39 ناٹ آوٹ رن بنائے تھے جبکہ کرس ووٹس نو رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ سری لنکا کی جانب سے لاست ملنگا ‘ ایس لکمل ‘ اینجلو میتھیوز ‘ تلک رتنے دلشان ‘ رنگنا ہیرات اور تھیسارا پریرا کو ایک ایک وکٹ ہی حاصل ہوسکی ۔ سری لنکا کی اننگز میں صرف تلک رتنے دلشان کی وکٹ گری جو اسپنر معین علی کے حصے میں آئی ۔ آئین مورگن نے ان کا کیچ لیا تھا ۔ تلک رتنے دلشان نے 55 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 44 رنز اسکور کئے تھے ۔