ورلڈ ٹی ۔ 20 کا 8 مارچ سے ہندمیں آغاز ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں سنیل نارائین شامل ، ڈیرن سیمی کپتان

سینٹ جانس ۔ 30 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز نے مارچ ۔ اپریل کے دوران کھیلے جانے والے عالمی ٹی ۔ 20 ٹورنمنٹ کیلئے اپنے 15 رکنی اسکواڈ میں اسپنر سنیل نارائن کو شامل کیا ہے حالانکہ بولنگ میں غیرقانونی ایکشن پر انھیں نومبر میں معطل کردیا گیا تھا ۔و یسٹ انڈیز کے نومبر میں دورہ سری لنکا کے دوران ان کے مشتبہ بولنگ ایکشن کی شکایت کی گئی تھی ۔ انھیں 2015 ء کے ورلڈ کپ اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا تھا تاہم بعد میں اُنھیں ٹیم سے نکال دیا گیا تھا ۔ ہندوستان میں 8 مارچ سے شروع ہونے والے ورلڈ ٹی ۔ 20 ٹورنمنٹ میں ویسٹ انڈیز ٹیم کی قیادت ڈیرن سیمی کریں گے ۔ ان کی ٹیم میں کرس گیل ، کیمرون پولارڈ اور ڈیوائین بریوو جیسے اسٹار بیٹسمین بھی شامل رہیں گے ۔ یہاں یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ 15 رکنی اسکواڈ میں وہ 11کھلاڑی بھی شامل ہیں جنھوں نے 2012 ء میں ٹی ۔ 20 ورلڈ کپ جیتا تھا ۔ نئے چہروں میں ٹسٹ اور ونڈے انٹرنیشنل کے کپتان جیسن ہولڈر اور بائیں ہاتھ کے اسپنر یلمان بن شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہندوستان پہونچنے سے قبل متحدہ عرب امارات میں دو ہفتے قیام کرے گی ۔