ورلڈ بیڈمنٹن : جوالا کی جوڑی تھرڈ راؤنڈ میں داخل

سریکانت اور پرانوئے کی پری کوارٹرز میں رسائی ۔ کیشپ سخت مسابقت کے بعد ہار گئے
جکارتہ ، 12 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اسٹار شٹلرز جوالا گٹہ اور اشونی پونپا تیزی سے ورلڈ بیڈمنٹن چمپئن شپس کے تھرڈ راؤنڈ میں داخل ہوگئے جبکہ انھوں نے آج یہاں ویمنس ڈبلز ایونٹ میں سیاہ پئی چن اور وو ٹن جونگ کو شکست دی۔ جوالا اور اشونی سکنڈ راؤنڈ کے مقابلے میں جو زائد از 24 منٹ چلا، چائنیز تائپی کی جوڑی کو 21-10، 21-18 سے ہرایا۔ 13 ویں سیڈ ہندوستانی جوڑی کا اگلا مقابلہ پری کوارٹرز میں جاپان کی ریکا کاکیوا اور میوکا مائدا سے رہے گا۔ دریں اثناء مینس سنگلز سیکشن میں کدمبی سریکانت اور ایچ ایس پرانوئے سیدھے گیم کی کامیابیوں کے ساتھ پری کوارٹرفائنلس میں پہنچ گئے لیکن یہی کامپٹیشن میں پروپلی کیشپ کیلئے دل شکن نتیجہ برآمد ہوا۔ عالمی نمبر 3 سریکانت جو رواں سال انڈیا سوپر سیریز جیتے، انھوں نے چائنیز تائپی کے سو جن ہاؤ کو 21-14، 21-15 سے شکست دی، جبکہ عالمی نمبر 12 پرانوئے نے یوگانڈا کے ایڈون ایکائرنگ کو ایک اور یکطرفہ مقابلے میں 21-14، 21-19 سے ہرایا۔ اب تھرڈ سیڈ سریکانت 13 ویں سیڈ ہانگ کانگ کے ہو یون سے کھیلیں گے، جن کے خلاف حیدرآبادی اسٹار کا 2-0 کا ریکارڈ ہے، اور 11 ویں سیڈ پرانوئے کو کچھ کٹھن مسابقت درپیش رہے گی کیونکہ وہ ڈنمارک کے وکٹر ایکسلسن کے مدمقابل ہوں گے۔ عالمی نمبر 7 نے گزشتہ دو مقابلوں میں پرانوئے کو مات دی ہوئی ہے۔ کامن ویلتھ گیمز چمپئن کیشپ (10 ویں سیڈ ) نے اپنی ساری توانائی جھونک دی لیکن ویتنام کے 32 سالہ تیان منہہ گوین پر غالب نہیں ہوسکے، اور ایک گھنٹہ اور پانچ منٹ کے سخت مقابلے میں 21-17، 13-21، 18-21 سے ہار گئے۔