ورلڈ الیون کا دورۂ پاکستان، فیکا سکیوریٹی رپورٹ کی منتظر

لاہور۔7 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) دی فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹ اسوسی ایشن (فیکا) ورلڈ الیون ٹیم کے دورے پاکستان کے ضمن میں سکیورٹی ماہرین اور متعلقہ عہدیداروں کی رپورٹ کا انتظار کررہی ہے۔ رک ڈکاسن جوکہ ای سی بی کے ساتھ کام کرتے ہیں اُن کی رپورٹ پر فیکا یہ فیصلہ کرے گی کہ ورلڈ الیون ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہئے یا نہیں کیوں کہ سری لنکائی ٹیم پر ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے لئے دروازے بند ہیں۔ قبل ازیں آئندہ ماہ ممکنہ طور پر پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون ٹیم کے ہر رکن کو 1 لاکھ ڈالر دینے کی پیش کش کی گئی ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق انگلش ٹیم کے سابق کوچ اینڈی فلاور دورہ پاکستان کیلئے ورلڈ الیون کے متوقع کوچ ہوں گے جبکہ اسکواڈ کا انتخاب بھی اینڈی فلاور ہی کریں گے۔ آئندہ ماہ لاہور میں 3 ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کیلئے ہر کھلاڑی کو 75 ہزار پاؤنڈز (تقریباًایک لاکھ ڈالر ) کی پیش کش کی گئی ہے ۔ سیریز سے قبل کھلاڑیوںکا ٹریننگ کیمپ دبئی میں لگے گا۔انگلش کرکٹ بورڈ کے سکیورٹی آفیسر ریگ ڈکیسن نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے گزشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ ڈکیسن سکیورٹی رپورٹ اگلے ہفتے پلیئرز اسوسی ایشن کے حوالے کریں گے جس کی روشنی میں کھلاڑیوں کو پاکستان آنے پر آمادہ کیا جائے گا۔ آئی سی سی کو امید ہے کہ ورلڈ الیون کے دورے سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کو بحال کرنے میں مدد ملے گی۔