ورلڈکپ کے فائنل اور سیمی فائنلز کیلئے محفوظ دن

کولکتہ ۔26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی چیف ایگزیکٹوز کمیٹی نے آئندہ برس منعقد شدنی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنمنٹ کو 1992کی طرز پر راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت منعقد کروانے کی منظوری دے دی اورٹورنمنٹ کو حتمی شکل دے دی ہے۔ آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں فارمیٹ اور شیڈول کی حتمی منظوری دی گئی ہے۔فارمیٹ کے تحت میگا ایونٹ میں شریک 10 ٹیمیں آپس میں میچز کھیلیں گی جن میں سے چار بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، سیمی فائنلز اور فائنل کیلئے محفوظ دن بھی رکھا گیا ہے ۔ 46 روزہ میگا ایونٹ میں 11 مختلف گراؤنڈزپر 48 میچز کھیلے جائیں گے ۔ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان 30 مئی کو افتتاحی میچ سے میگا ایونٹ کا آغاز ہو گا جبکہ لارڈز 14 جولائی کو پانچویں مرتبہ فائنل میچ کا میزبان ہو گا۔ پہلے راؤنڈ میں پاکستان ،انگلینڈ،ہندوستان اور سری لنکا کا کوئی میچ ڈے نائٹ نہیں ہوگا۔ نیوزی لینڈ سمیت 4ٹیمیں 7ڈے نائٹ میچز کھیلیں گئی جبکہ آسڑیلیااور افغانستان فی کس 3 ڈے نائٹ میچز میں شرکت کرینگی ۔ سیمی فائنلز اور فائنل دن کی روشنی میں کھیلے جائیں گے۔2019 اور 1992کے ورلڈ کپ کا فارمیٹ تو ایک ہے تاہم ٹیموں اورمیچز کی تعداد میں فرق ہے۔1992 میں 9 ٹیموں کے درمیان 33 میچز ہوئے تھے جبکہ 2019میں 10ٹیموں کے 48 میچزہونگے۔ذرائع کے مطابق میگا ایونٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، موسم کی مداخلت کی وجہ سے اگر میچ مکمل نہیں ہوتا تو اضافی دن بھی مختص ہوا ہے۔ پہلا سیمی فائنل اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں9 جولائی کو ٹیموں کے جدول پر نمبر ون اورنمبر4 ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا،اگر کسی وجہ سے نتیجہ سامنے نہیں آتا تو اگلے دن فیصلہ ہوگا۔