ورلڈکپ کے دوران بارش سے بیشتر مقابلے متاثر ہونے کا خدشہ

لندن ۔28 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ 2019 میں جہاں ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی وہیں موسم بھی اپنا کھیل کھیلے گا کیونکہ ایونٹ میں موسم اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔ بڑے ایونٹ میں بارش رنگ میں بھنگ ڈالنے کیلئے تیارہے اورمیگا ایونٹ کا پہلا میچ ہی بارش کی نذر ہونے کا امکان ہے ۔ 30 مئی کو اوول میں میزبان انگلینڈ اورجنوبی افریقہ کے میچ کے دوران تیز بارش ہوسکتی ہے۔31 مئی کوپاکستان اورویسٹ انڈیز کے میچ میں بھی بادل چھائے رہنے کا امکان ہے ۔ میچ سے قبل صبح کے اوقات میں بارش کے امکانات بھی موجود ہیں۔ تین جون کو پاکستان اورمیزبان انگلینڈ کا میچ بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔سات جون کوپاکستان اورسری لنکا کے میچ سمیت6 تا 8جون تک میچ بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں۔9 تا 11 جون تک میچزمیں بارش کا امکان نہیں تاہم 12 جون کو پاکستان اور آسٹریلیا کے میچ کے دوران پھر بادل برسنے کا امکان ہے۔ 13 تا 15 جون تک میچ متاثرہونے کا بھی امکان ہے۔21جون کو انگلینڈ اورسری لنکا جبکہ 23 جون کو پاکستان اورجنوبی افریقہ کے میچ بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔ 26 جون کو ایک بار پھر پاکستان کا میچ بارش کی نذرہوسکتا ہے۔ 2 سے لے کر 6جولائی تک بھی تمام میچز بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں، دیگر میچز توایک طرف 14 جولائی کوفائنل کے دن بھی لارڈز میں بارش کا خدشہ ہے۔