ورلڈکپ کی فاتح آسٹریلیائی ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام

ملبورن ، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں کینگروز کیویز کو ہرا کر ونڈے کرکٹ کے شہنشاہ بنے تو جشن منانے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ملبورن میں فاتح ٹیم آسٹریلیا کے اعزاز میں آج شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ڈپٹی پرائم منسٹر وارن ٹروس نے اس تاریخی کامیابی پر ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ فاتح آسٹریلیائی ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے جیت کے جشن کو بھرپور انداز میں منانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ آئی سی سی ورلڈ کپ ٹرافی کو اور اپنے فیورٹ کھلاڑیوں کی فتح کی خوشی منانے کیلئے مداحوں کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی۔ اس موقع پر شائقین نے چمپئن کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور ان کے آٹو گراف بھی لئے۔ عوامی تقریب کے زیادہ تر حصے میں آسٹریلیائی کھلاڑیوں نے سیاہ چشمے لگا رکھے تھے۔ وہ شاید دھوپ سے اپنی آنکھوں کو بچانے کوشاں تھے۔ بہرحال کیپٹن مائیکل کلارک نے ورلڈ کپ ٹروفی تھام رکھی تھی اور تمام کھلاڑی اوپن ایئر فیڈریشن اسکوائر میں جمع ہزارہا پرستاروں کے روبرو اسٹیج پر پہنچ کر کراؤڈ کیلئے مسکراہٹیں بکھیر تے رہے!