رانچی ۔ 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آئندہ برس منعقد شدنی ورلڈ کپ کی تیاریوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہندوستانی ہاکی ٹیم نے فیصلہ کیا ہیکہ وہ نیدرلینڈس کا دورہ کرتے ہوئے 11 تا 19 فبروری مقابلوں میں شرکت کرے گی۔ ہندوستان جس نے ورلڈکپ کی تیاری کے ضمن میں پہلے ہی 13 تا 23 مارچ ملیشیاء میں منعقد شدنی اذلان شاہ کپ میں شرکت سے دستبرداری اختیار کی ہے۔ ہندوستان کے دورہ نیدرلینڈس کے ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے ہندوستانی ہاکی ٹیم کے ہائی پرفارمنس ڈائرکٹر روئے لانڈ آلٹامنس نے کہا ہیکہ ہندوستانی ہاکی ٹیم اس 9 روزہ دورہ نیدرلینڈ س کے موقع پر 5 تا 6 مقابلوں میں شرکت کرے گی۔ کوچ نے مزید کہا کہ اذلان شاہ کپ سے دستبرداری اور یورپ کے دورہ کی اصل وجہ یہ بھی ہیکہ ہندوستانی ٹیم کو نیدرلینڈس کے خلاف مقابلوں میں شرکت کا موقع فراہم کرتے ہوئے اسے ورلڈ کپ کیلئے دستیاب ہونے والے ماحول سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر ہیوگ جہاں ورلڈکپ کھیلا جائے گا اور یہاں ہندوستانی ٹیم کے مقابلہ اہمیت کے حامل ہیں۔