ورلڈکپ کیلئے نیوزی لینڈ ٹیم میںکئی سینئر کھلاڑی شامل

آکلینڈ ۔3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ 2019 کے لئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ 30 مئی سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ 2019 کے لیے ٹیم کا اعلان کر کے نیوزی لینڈ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم اعلان کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔کین ولیمسن نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ ٹام بلنڈل کو پہلی مرتبہ ونڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔راس ٹیلر چوتھی مرتبہ نیوزی لینڈ کے ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہیں جب کہ کپتان کین ولیمسن، ٹم ساوتھی اور مارٹن گپٹل نیوزی لینڈ کی طرف سے تیسرا ورلڈ کپ کھیلیں گے۔ نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں کولن ڈی گرانڈہوم، ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگوسن، کولن منرو، میٹ ہنری، ٹام لاتھم، جمی نیشم، ہینری نکولز، مچل سینٹنر اور ایش سودھی شامل ہیں۔
سرفراز ورلڈکپ ٹرافی کے لئے پرعزم
کراچی ۔3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ہم ورلڈ کپ ہر صورت پاکستان لائیں گے اور عوام کو عید کا تحفہ دیں گے۔کراچی میں کپتان کے اعزاز میں ایک عشائیہ دیا گیا تھا، فنکاروں کے اس عشائیہ میں سرفراز احمد نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ اور فنکاروں کا چولی دامن کا ساتھ ہے، دونوں ایک دوسرے کے شعبوں میں گہری دلچسپی لیتے رہے ہیں۔اس موقع پر گلوکار سلیم جاوید نے کہا کہ موسیقی کے بعد کرکٹ میرا جنون ہے، میں کپتان سرفراز احمد کی بیٹنگ اورکیپنگ کا دیوانہ ہوں۔