ورلڈکپ مقابلوں کی 200 ممالک میں راست نشریات

لندن۔23 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ اور ویلز میں 30 مئی کو شروع ہونے والے کرکٹ کے ورلڈ کپ کے مقابلے دنیا کے 200 مما لک اور خطوں میں ٹی وی، ریڈیو اور ڈیجٹل پلیٹ فارم پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ 200 ملکوں اور خطوں میں میچ کی نشریات کے علاوہ اس ایونٹ کے ذریعہ پہلی مرتبہ ہندوستان، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں میچز سینما گھروں میں بھی دکھائیں جائیں گے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ورلڈ کپ مقابلوں کی دنیا کے کونے کونے تک براہ راست نشریات کے انتظامات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں راست میچ سینما گھروں میں دکھانے کے لیے سنی پلیکس کو حقوق دے دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ چند میچ ہندوستان میں انوکس، متحدہ عرب امارات میں نوا اور ریل اور بحرین میں نوا پر دکھائے جائیں گے۔آئی سی سی مقابلوں کے نشریاتی حقوق کے حامل عالمی نشریاتی ادارے اسٹار اسپورٹس نے مختلف ملکوں کے 25 نشریاتی اداروں کو ورلڈ کپ نشر کرنے کے حقوق دیے ہیں۔ ورلڈ کپ کے میچوں کی کمنٹری کے لیے اسٹار اسپورٹس نے دنیا کے 50 بہترین کرکٹ مبصروں کی خدمات بھی حاصل کی ہیں جو مختلف زبانوں میں کمنٹری اور ماہرانہ تبصرے و تجزیے پیش کریں گے۔ ہندوستان میں سات علاقائی زبانوں میں کمنٹری نشر کی جائے گی جن میں ہندی، تامل، تلگو، کناڈا، بنگلہ اور مراٹھی شامل ہیں۔کینیڈا میں ولو ٹی وی ورلڈ کپ کے مقابلوں سے قبل ایک نیا چینل شروع کرنے والا ہے جس پر تمام میچ دکھائیں جائیں گے۔ہندوستان میں ایک اندازے کے مطابق 30 کروڑ افراد یہ میچ اسٹار اسپورٹس کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہاٹ اسپورٹس پر لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے بھی دیکھ پائیں گے۔ کرکٹ شائقین کو ان میچوں کے بارے میں چلتے پھرتے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کرنے کے لیے 200ملکوں میں 12 ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ہر میچ کے ہر گھنٹے کی چھ منٹ کی کوریج بھی دستیاب ہو گی۔