ورلڈکپ سے قبل نیوزی لینڈ سیریز اہم :سرفراز

ابوظہبی۔7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کیخلاف ونڈے سیریز کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نیوزی لینڈ کیخلاف تین ون ڈے میچوں میں بہترین کارکردگی کی ہر ممکن کوشش کریں گے ، اس فارمیٹ میں حریف کے خلاف مسلسل ناکامیوں سے پیچھا بھی چھڑانا چاہتے ہیں ،آئندہ برس ورلڈ کپ میں شرکت سے قبل ٹیم کو 18ونڈے میچز میں شرکت کرنا ہے لہذا اولین ترجیح یہی ہے کہ اپنی کامیابیوں کے سلسلے کو اسی جگہ سے دراز کریں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہاکہ یہ بات ان کے ذہن کے کسی گوشے میں موجود ہے کہ ٹیم کی کارکردگی ونڈے کرکٹ میں بہت اچھی نہیں جس کو بہتر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ نیوزی لینڈ کیخلاف ونڈے سیریز ان کیلئے اسی وجہ سے اہمیت کی حامل ہے کہ وہ اسی جگہ سے اپنی کامیابیوں کا سلسلہ درازکرنا چاہتے ہیں تاکہ آنے والے مراحل میں بھی کامیابی کے ساتھ پیش قدمی کرنا ممکن ہو سکے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ اس وقت ان کی تمام تر توجہ اس سیریز پر مرکوز ہے جسے جیتنے کی وہ پوری کوشش کریں گے۔