ورلڈکپ ، من پریت ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان

نئی دہلی ۔8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) من پریت سنگھ اڑیسہ میں 28 نومبر کو شروع ہونے والے مرد ہاکی ورلڈ کپ میں 18 رکنی ہندستانی ٹیم کی کپتانی سنبھالیں گے جبکہ چگلنسانا سنگھ کگجم کو نائب کپتان بنایا گیا ہے ۔ ہندستان کی میزبانی میں ہو رہے مین ورلڈکپ کا انعقاد28 نومبر کو اڑیسہ کے بھونیشور واقع کلنگا اسٹیڈیم میں کیا جانا ہے ۔ ہاکی انڈیا (ایچ آئی ) نے 18 رکنی ٹیم کا اعلان کیا۔ ہندستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز جنوبی افریقہ کے خلاف کرے گی۔ہندوستانی ٹیم میں پی آر شریجیش اور کرشن بہادر پاٹھک گول کیپر کا کردار ادا کریں گے ۔ اڑیسہ کے تجربہ کار دفاعی کھلاڑی بیریندر لاکڑا کی بھی واپسی ہو رہی ہے وہ گذشتہ ماہ مسقط میں ہوئے ایشیائی چمپئنز ٹرافی سے باہر رہے تھے ، اپنی ہی ریاست کے امت روہداس، سریندر کمار، کوٹھاجیت سنگھ اور جونیئر ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے ہرمنپریت سنگھ کے ساتھ ہندستان کے ڈیفنس کو مضبوط کریں گے ۔ مڈفیلڈ میں من پریت سے کافی امیدیں رہیں گی جو چمپئنز ٹرافی میں اہم تھے ۔ چگلن کے علاوہ نوجوان سمیت ، نیل کانتا شرما، گذشتہ ماہ بین الاقوامی ڈیبو کرنے والے ہردک سنگھ کھیلیں گے ۔فارورڈ لائن میں آکاشدیپ سنگھ، دلپریت سنگھ، للت اپادھیائے اور جونیئر ورلڈ کپ کے مندیپ سنگھ اور سمرنجیت سنگھ موجود رہیں گے ۔ ہندستانی مرد ٹیم ورلڈ کپ کے پول سی میں شامل ہے ، جس میں دنیا کی تیسرے نمبر کی ٹیم بیلجئیم، کینیڈا اور جنوبی افریقہ پول میں سرفہرست تک پہنچنے کے لئے اپنا چیلنج پیش کریں گی تاکہ کوارٹر فائنل میں جگہ یقینی بنا سکیں۔ ٹیم کے چیف کوچ ھریندر سنگھ نے کہاکہ ہم نے ورلڈ کپ کے لیے اپنا بہترین کمبی نیشن ڈھونڈھا ہے ۔