ورلڈٹسٹ چمپئن شپ کے نشانات کے نظام کا اعلان

ڈبلن۔3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی نے ورلڈکپ2019 کے بعد شروع ہونے والی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا پوائنٹس سسٹم اراکین کے سامنے پیش کردیا جس میں ہر سیریز کے دوران کوئی ٹیم زیادہ سے زیادہ 120پوائنٹس حاصل کر سکے گی اس طرح ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر ایک سائیکل کے دوران چھ سیریز کے دوران 720پوائنٹس کا حصول ممکن ہوگا۔ گورننگ باڈی کی چیف ایگزیکٹوز کمیٹی کے سامنے پیش ہونے والے پوائنٹس سسٹم پر مختلف پہلوؤں سے بحث کے بعد تفصیلات طے کر لی گئی ہیں جن کو کرکٹ کمیٹی کی جانب سے آئی سی سی بورڈ کے سامنے منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں ہر جیت پر 60،ڈرا پر 20 اور ٹائی پر 30 پوائنٹس دئے جائیں گے جبکہ تین میچوں کی سیریز میں ہر کامیابی پر 40،ڈرا پر 13.3 اور ٹائی پر20 پوائنٹس کا حصول ممکن ہوگا۔چار ٹسٹ میچوں کی سیریز میں ہر کامیابی پر 30،ڈرا پر دس اور ٹائی پر پندرہ جبکہ پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز میں ہر فتح پر 24،ڈرا پر 8 اور ٹائی پر 12 پوائنٹس مل سکیں گے۔پانچ ٹسٹ میچز کی سیریز 5-0 سے جیت کر کوئی بھی ٹیم 120پوائنٹس یقینی بنا سکے گی لیکن 3-2 سے کامیابی پر جیتنے والی ٹیم 72 اور ہارنے والی ٹیم 48 پوائنٹس لے سکے گی۔ 3-0 سے جیت کی صورت میں فاتح ٹیم 88 اور شکست خوردہ ٹیم دو ڈرا میچوں کی بدولت 16 پوائنٹس حاصل کرے گی۔