ناگپور ۔ 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے ودربھا خطہ میں بھی انتخابی بخار میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے کیونکہ اتوار سے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی گونڈیا سے انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ یہاں اسبات کا تذکرہ ضروری ہیکہ تمام سیاسی پارٹیاں دسہرہ اور عیدالاضحی تہوار گزر جانے کا انتظار کررہے تھے تاکہ انتخابی مہمات کا آغاز کیا جاسکے جن میں روایتی نوعیت کی ریالیاں، پدیاترا، گھرگھر جاکر مہم چلانا اور عوامی جلسے منعقد کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جہاں امیدوار ووٹرس تک رسائی حاصل کرنے کوشاں ہیں۔ ودربھا کو بی جے پی کا مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔ گونڈیا میں وزیراعظم کی شرکت کے بعد بی جے پی ورکرس کا یہ ماننا ہیکہ پارٹی کو انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل ہوگی۔ شیوسینا صدر ادھو ٹھاکرے نے بھی ناگپور کے ریشم باغ گراونڈ پر ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کیا تھا جو بی جے پی اور آر ایس ایس کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے ۔