وحدت اسلامی ہند کی دس روزہ کل ہند ملت بیداری مہم کا آج آغاز

اورنگ آباد 31اگست (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان میں مسلمانوں کی زبوں حالی اور سیاسی زوال، ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی ،فرقہ پرستی اور نفرت کی زہریلی سیاست اور موجودہ بین الاقوامی اور ملکی حالات کے پس منظر میں ایک مثبت لائحہ عمل اختیار کرنے نیز ایمان، استقامت اور اتحاد کے مرکزی خیال کے تحت حکمت عملی اور طریق کار کے تعین کے لیے وحدت اسلامی ہند نے دس رورہ ‘کل ہند ملت بیداری مہم’ کا انعقاد کیا ہے ۔یکم ستمبر سے دس ستمبر کے دوران، اس ملک گیر مہم کے تحت میں ایمان، استقامت و اتحاد ان مرکزی موضوعات پر عوام توجہ دلانے کے لئے وحدت اسلامی ہند کے افراد ملک کے مختلف شہروں، اور گاوں گاوں پہنچ کر انفرادی و اجتماعی ملاقاتیں ،ٹی پارٹیاں، کارنر میٹ، اسکولوں و کالجوں میں لیکچر، خطباتِ جمعہ، علماء و ائمہ معززین ، عمائدین اور ڈاکٹرز، انجینئرز و وکلاء کی نشستیں ، اخبارات میں مضامین، سوشل میڈیا میں پیغامات بک لیٹس، فولڈرس و اسٹیکرس کی تقسیم کے ذریعے سے عوام میں بیداری کے لیے جد و جہد کریں گے ۔ نیز اس موقع پر ‘وحدتِ جدید’ کا خصوصی نمبر بھی شائع کیا جائے گا۔ وحدت اسلامی ہند، کی جانب سے ایک بیان میں کہاگیا ہے اس وقت ملت سیاسی زوال سے دوچار ہے اور ا تعلیم و معاش اوردیگر شعبوں میں دلتوں اور پسماندہ طبقات سے بھی نیچے اپنی شناخت رکھتی ہے ۔ سچر کمیٹی کی رپورٹ نے واضح کردیا ہے کہ ہم معاشی و تعلیمی سطح پر ’’نیو دلت ‘‘(Neo Dalit)بن گئے ہیں۔