وجیندر کو پہلی پروفیشنل باکسنگ فائٹ میں وائٹنگ کا سامنا

مانچسٹر میں 10 اکٹوبر کو انعقاد ۔ حریف کی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دینے وجیندر کا عزم
مانچسٹر ، 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسٹار ہندوستانی باکسر وجیندر سنگھ اپنے پروفیشنل کریئر کی کافی انتظار والی پہلی بازی میں جو یہاں 10 اکٹوبر کو مقرر ہے، اُبھرتے برطانوی پیوجلسٹ سونی وائٹنگ کے خلاف نبرد آزما ہوں گے۔ ہندوستان کے اولین اولمپک اور ورلڈ چمپئن شپس میڈل یافتہ باکسر اپنے پہلے پرو مقابلے میں ایسے حریف کے خلاف رِنگ سنبھالیں گے جسے تین بازیوں کا تجربہ ہے اور مڈل ویٹ ڈیویژن میں ابھی تک 2-1 کا مجموعی ریکارڈ رکھتا ہے۔ وجیندر نے کہا کہ انھیں پتہ ہے کہ وائٹنگ کے خلاف معاملہ آسان نہیں رہے گا۔ ’’میں جانتا ہوں میرا حریف سونی وائٹنگ کوئی آسان پہلی فائٹ ثابت نہیں ہوگا۔ وہ پہلے ہی تین فائٹس لڑچکا ہے، لہٰذا وہ اس مقابلے کیلئے تیار ہوگا اور میں نے سنا ہے وہ مجھے میری اولین پرو فائٹ میں شکست سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔ وہ مجھے شکست نہیں دے پائے گا، میں اپنے مجوزہ کام پر کافی مرکوز اور پُرعزم ہوں۔‘‘ وائٹنگ نے جو سابق پرو باکسر جانی گریوز کی نگرانی میں ٹریننگ حاصل کرتا ہے، کہا کہ وہ مشہور ہندوستانی کے قدم اکھاڑ دینے کے تعلق سے پُراعتماد ہے۔ ’’مجھے پرواہ نہیں کہ مقابلے کے موقع پر میرے سامنے کون ہے، وہ شکست کھانے والے ہیں، بس سادہ سی بات یہی ہے۔

میں نے سنا ہے (وجیندر) سنگھ ہندوستان میں بڑا سوپر اسٹار ہے، بہرحال میں اُس کے وطن کو کرارا پیام بھیجنے کا منتظر ہوں جب میں اسے شکست دوں گا۔‘‘ 27 سالہ وائٹنگ نے جو ایک بار ناک آؤٹ جیت بھی حاصل کرچکا ہے، مزید کہا کہ وہ اب پروفیشنلس کی دنیا میں داخل ہورہا ہے اور یہ اُس کیلئے بہت سخت رہے گا، وہ امیچرز میں بھلے ہی بہت کچھ حاصل کرچکا ہے لیکن اُس کا اب کوئی شمار نہیں۔ میں یقینی بناؤں گا کہ میں اُس کا اچھی طرح ’استقبال‘ کروں۔ 29 سالہ وجیندر نے اپنے حریف کی بے رحمانہ استقبال کی دھمکیوں کو ہنس کر اُڑاتے ہوئے کہا کہ وہ وائٹنگ کو لفاظی کے ذریعے نہیں بلکہ رِنگ میں اپنے مکوں کے ساتھ منہ توڑ جواب دیں گے۔ وجیندر اس فائٹ کی تیاری کیلئے مانچسٹر میں قیام کررکھا ہے اور مشہور کوچ لی بیئرڈ کی نگرانی میں بعض بھروسہ مند ساتھیوں جیسے جیک کیٹرال، اڈریان گونزالیز اور جمی کیلی کے ہمراہ ٹریننگ حاصل کررہے ہیں۔ ہندوستان کے سب سے کامیاب امیچر باکسر ہونے کے باوجود وجیندر نے کہا کہ انھیں پتہ ہے پرو سرکٹ میں ان کو ازسرنو شروعات کرنا ہے۔ ’’میرے پروفیشنل کریئر کے آغاز کا وقت اب بہت قریب آچکا ہے اور مجھے اس لمحہ کا بے صبری سے انتظار ہے۔ میں نے اس فائٹ کیلئے سخت محنت کی ہے اور مانچسٹر میں لی بیئرڈ کے ساتھ سرگرمی سے تیاری کی، جو میرے اسٹائل کو شوقیہ نوعیت کی فائٹنگ سے پروفیشنل باکسنگ میں ڈھالنے میں اہم رہے ہیں، اور یہ انداز بالکلیہ مختلف ہے۔‘‘