نئی دہلی 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام )الیکشن کمیشن نے آج نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کو ان کے مبینہ تبصرہ پر کہ اگر بی جے پی برسر اقتدار آجائے تو تشدد میں 22 ہزار افراد ہلاک کردیئے جائیں گے، جاری کردہ وجہ بتاؤ نوٹس کا جواب دینے کیلئے 3 دن کی مہلت دی ۔ کمیشن نے راہول گاندھی سے آج صبح تک جواب طلب کیا تھا لیکن ان کی درخواست پر مہلت میں 15 مئی کی صبح تک توسیع کردی۔ نوٹس 9 مئی کو جاری کی گئی تھی اور ہماچل پردیش کے شہر سولان میں ایک انتخابی جلسہ سے راہول گاندھی کے خطاب کے دوران تبصرے سے متعلق تھی۔ مبینہ طور پر راہول گاندھی نے کہا تھا ’’جاپان کے لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں وہ لوگ کہتے ہیں کہ ہم ایک مسئلہ سے خوفزدہ ہیں ہم آپ کی مدد کریں گے،سڑکیں بنائیں گے لیکن ہم خوفزدہ ہے کہ امن قائم ہوجائیں گا ۔ جاپان کے لوگ کہتے ہیں کہ ہندوستانی ایک دوسرے سے لڑتے رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوف ہماری زندگیوں میں بھی داخل ہوچکا ہے اگر بی جے پی برسر اقتدار آجائے تو تشدد برپا ہوگا 22 ہزار افراد ہلاک کردیئے جائیں گے‘‘۔