وجئے 97رنز اور روہت شرما صفر پر آؤٹ

ڈربن ۔27ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام )یہاں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ میں جس وقت ہندوستانی ٹیم بہترین مظاہرے کے ذریعہ مستحکم موقف کی سمت گامزن تھی تو گذشتہ روز ناقص روشنی اور آج صبح بارش کی وجہ سے کھیل متاثر ہوا اور تیسری مشکل ہندوستان کیلئے ڈیل اسٹین کی جانب سے ایک خطرناک اوور رہا جس میں انہوں نے نہ صرف مہمان ٹیم کے دو وکٹ پر جم چکے بیٹسمینوں کے علاوہ روہت شرما کو پہلی کی گیند پرپویلین کی راہ دکھادی ۔ہندوستانی ٹیم جس نے بارش کے بعد آج کے کھیل کا بہتر آغاز کیا

لیکن اننگز کے 64ویں اوور کی تیسری پانچویں اور چھٹی گیند پر تین وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ڈیل اسٹین نے مہمان ٹیم کی بہتر پیشرفت پر رکاوٹ ڈالی۔ اسٹین نے پہلے چیٹیشور پجارا پھر مرلی وجئے کے بعد روہت شرما کو متواتر دو گیندوں پر آؤٹ کیا ۔ ہندوستان نے کل کے اسکور 181رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا لیکن 198 رنز کے مجموعی اسکور پر اسٹین نے وکٹوں کے پیچھے اے بی ڈی ویلئرس کے ہاتھوں چیٹیشور پجارا کو آؤٹ کیا ۔ پجارا نے 132گیندوں میں 9چوکوں کی مدد سے 70 رنز اسکور کئے ۔ اوپنر مرلی وجئے بدقسمت رہے کیونکہ ایک بہترین اننگز کھیلنے کے باوجود وہ سنچری سے محض 3رنز پیچھے رہ گئے ۔ وجئے نے 226گیندوں میں 18چوکوں کی مدد سے 97رنز اسکور کئے تاہم وہ اسٹین کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے ڈی ویلئرس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔

روہت شرما اگلی ہی گیند پر اُس وقت بولڈ ہوئے جب انہوں نے گیند کو باہر جاتی دیکھ کر اسے چھوڑ دیا لیکن گیند گرنے کے بعد آف اسٹیمپ کو اکھاڑتی ہوئی آگے بڑھ گئی ۔ روہت شرما کریئر کا یہ پہلا گولڈن ڈک ہے۔ چائے کے وقفہ تک ہندوستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 271رنز اسکور کرلئے ہیں جب کہ وکٹ پر اجنکیا راہنے 72گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 23اور کپتان مہیندر سنگھ دھونی چار گیندوں میں بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود ہیں ۔ آج آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی ویراٹ کوہلی رہے جنہوں نے 87گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 46رنز اسکور کئے جنہیں مورنی مرکل نے وکٹوں کے پیچھے ڈی ویلئرس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا ۔ اسٹین نے 25اوورس میں 87رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ مورکل نے 20اوورس میں 34رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔