ایڈیلیڈ ۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے دورہ آسٹریلیا کا مثبت آغاز کیا ہے جیسا کہ یہاں کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف منعقدہ دو روزہ مقابلہ بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوا لیکن ہندوستانی ٹیم کے سرفہرست بیٹسمینوں میں مرلی وجئے، چیٹیشور پجارا اور ویراٹ کوہلی کے علاوہ دیگر بیٹسمینوں نے رنز بنائے ہیں۔ گلی ڈیرول اسٹیڈیم میں منعقدہ مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم میں 363/8 رنز 91 اوورس میں بنائے جبکہ میزبان ٹیم نے پہلے دن 219 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ورون آرون کی قیادت میں ہندوستانی بولروں کے شاندار مظاہروں کے بعد بیٹسمینوں کی باری تھی جنہوں نے بولروں کیلئے سازگار وکٹ پر آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز کے آغاز سے قبل بیٹنگ کی بہتر پریکٹس کی ہے۔ کپتان ویراٹ کوہلی نے 60 رنز اسکور کئے جبکہ مرلی وجئے نے 51 رنز، چیٹیشور پجارا نے 55 رنز بنائے۔ نصف سنچریاں اسکور کرنے والے دیگر بیٹسمینوں میں وکٹ کیپر بیٹسمین وردھیمان ساہا نے 56 اور کرن شرما نے 55 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی۔ سریش رائنا (44)، روہت شرما (23) نے بھی رنز بنائے جبکہ سرفہرست بیٹسمینوں میں اجنکیا راہنے (1) ، 16 سالہ بولر سیام گریم ویڈ کی گیند پر ریان کارٹرس کے ایک شاندار کیچ کی وجہ سے آوٹ ہوئے۔