اڈیلیڈ ۔ 30۔ نومبر(سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی فاسٹ بولر میچل اسٹارک جو کہ تاریخی ڈے اینڈ نائیٹ ٹسٹ کے دوران زخمی ہوئے ہیں، انہوں نے اپنی صحت کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ان کی واپسی کب ہوگی، وہ یقینی طور پر نہیں کہہ سکتے ہیں۔ اسٹارک جنہوں نے ڈے اینڈ نائیٹ ٹسٹ کے دوران نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز میں صرف 9 اوورس کی بولنگ ہی کرپائے تھے کہ وہ اپنا پیر زخمی کرنے کے بعد علاج کیلئے میدان سے باہر چلے گئے تھے۔ میڈیکل رپورٹس میں ظاہر ہوچکا ہے کہ ان کے پیر میں فیکچر ہے اور صحتیاب ہونے کیلئے کم از کم 4 ہفتہ تو درکار ہے۔ یاد رہے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر میچل جانسن کی حالیہ سبکدوشی کے بعد میچل اسٹارک کو آسٹریلیا کا نمبر ایک بولر تصور کیا جارہا تھا لیکن وہ دوسری مرتبہ پیر کے زخم کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوچکے ہیں۔ میچل اسٹارک کے بموجب دیانتداری سے وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ ان کی واپسی کب ہوگی لیکن دوسری جانب ٹیم کے بولنگ کوچ مائیک ڈرمٹ نے امید ظاہر کی ہے کہ چونکہ اسٹارک کا زخم سنگین نوعیت کا نہیں ہے لہذا آئندہ برس جنوری میں دورہ نیوزی لینڈ کیلئے وہ ٹیم کو دستیاب رہیں گے۔ 25 سالہ اسٹارک 25 ٹسٹوں میں 30.58 کی اوسط سے 91 وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ 160.4کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز گیند کا بھی ریکارڈ اپنے نام رکھتے ہیں۔