واٹس اپ پر مسلسل چاٹنگ، بیوی کے کردار پر شبہ اور قتل

حیدرآباد ۔ /8 جولائی (سیاست نیوز) واٹس اپ پر مسلسل چیاٹنگ کرنے کے سبب کردار پر شبہ کرتے ہوئے ایک شوہر نے اپنی بیوی کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا ۔ یہ واقعہ منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا ۔ انسپکٹر مسٹر سرینواس کے بموجب 34 سالہ سریتا کی شادی سیتارام پیٹ کے ساکن راجیش شرما سے ہوئی تھی اور انہیں دو بچے تولد ہوئے ۔ گزشتہ چند دنوں سے سریتا موبائیل فون پر اکثر بعض افراد سے بات چیت میں مصروف رہ رہی تھی اور واٹس اپ پر بھی مسلسل چیاٹنگ کیا کرتی تھی ۔ بیوی کی اس حرکت سے راجیش شرما ناراض تھا اور وہ اپنی بیوی کے چال چلن پر شبہ کرنے لگا ۔ راجیش شرما پتھر گٹی پٹیل مارکٹ میں سیلس مین کی حیثیت سے ملازمت کرتا ہے اور آج دوپہر اچانک مکان واپس لوٹ آیا جہاں پر اس نے دیکھا کہ سریتا کسی شخص سے بات چیت میں مصروف تھی ۔ شرما نے اپنی بیوی کو فون دینے کیلئے کہا لیکن اس نے انکار کردیا جس کے نتیجہ میں دونوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی اور برہم راجیش شرما نے بیوی کے سر پر آہنی سلاخ سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں وہ برسرموقعہ ہلاک ہوگئی ۔ اس واردات کی اطلاع ملنے پر منگل ہاٹ پولیس مقام واردات پر پہونچ کر نعش کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا اور شوہر کے خلاف ایک قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا ۔