جدہ ۔16مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک 32سالہ خاتون کو 70کوڑے مارے جائیں گے اور اسے 5332امریکی ڈالرس بطور جرمانہ ادا کرنا ہوگا ۔ کیونکہ اُس نے فوری پیغامات کی ترسیل کے ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے ایک سعودی مرد کو بدنام کیا تھا ۔ عدالت فوجداری مشرقی سعودی عرب نے خاتون کو شکایت کنندہ کو بدنام کرنے کا مجرم قرار دیا ۔ روزنامہ ’’عکاض‘‘ کے بموجب اُس پر 20ہزار سعودی ریال (5332امریکی ڈالرس) جرمانہ عائد کیا گیا اور جرم کی سزا کے طور پر 70کوڑے مارنے کا فیصلہ کیا ۔ شکایت کنندہ نے خاتون کے ساتھ زبانی تکرار کے بعد ایک شکایت درج کروائی تھی ۔ خاتون کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی ‘ اُس نے اعتراف کیا کہ اُس نے اس مرد کی توہین کی تھی ۔ روزنامہ گلف نیوز کے بموجب انسداد سائبرجرائم قانون کے تحت اگر کوئی شخص کسی کو بدنام کرتا یا نقصان پہنچاتا ہے تو اُسے مختلف اطلاعات ٹکنالوجی آلات کے غلط استعمال پر ایک سال سزائے قید اور پانچ لاکھ سعودی ریال یا کسی ایک سزا کا مستحق قرار دیا جاسکتا ہے ۔ گذشتہ سال جولائی میں جدہ کی دو خواتین کو بھی 10دن کی سزائے قید اور 20کوڑوں کی سزا دی گئی تھی کیونکہ انہوں نے واٹس اپ استعمال کرتے ہوئے ایک دوسرے کو بدنام کیا تھا ۔ سعودی عرب میں سخت فوجداری قوانین نافذ ہیں اور عام طور پر یہ سزائیں برسرعام دی جاتی ہے تاکہ عوام کو عبرت حاصل ہو اور وہ ایسے جرم کے ارتکاب کی ہمت نہ کرسکیں ۔