واٹسن کی ٹوئنٹی 20 ٹیم میں واپسی

سڈنی۔ 21؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز کے لئے بین ڈنک کو وکٹ کیپر کی ذمہ داریوں کے لئے منتخب کیا گیا ہے جب کہ سینئر آل راؤنڈر شین واٹسن زخموں سے صحت یاب ہوکر ٹیم میں واپسی کررہے ہیں۔ آسٹریلیا کے کپتان آرون فنچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی جانے والی 3 مقابلوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے اور دونوں ٹیموں کے درمیان 5 نومبر کو ایڈیلیڈ میں پہلا مقابلہ کھیلا جائے گا۔ مستقل وکٹ کیپر بیٹسمین براڈ ہاڈین جوکہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف ٹسٹ ٹیم کا حصہ ہیں، ان کے مقام پر ڈنک کو وکٹ کیپر کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ان کے علاوہ ٹیم میں مزید دو وکٹ کیپروں ٹم پین اور میتھیو ویڈ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ آسٹریلیائی ٹیم کے سلیکٹر راڈ مارش نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ جیسی طاقتور ٹیم کے خلاف آسٹریلیائی ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ واٹسن نے آخری مرتبہ متحدہ عرب امارات میں منعقدہ آئی پی ایل کے ابتدائی مرحلہ کے مقابلوں میں شرکت کی تھی۔ ٹیم میں اوپنر نک میڈنسن کی واپسی بھی ہوئی ہے جو آرون فنچ کے ہمراہ اننگز کا آغاز کریں گے۔ 33 سالہ فاسٹ بولر ڈگ بولنجر کو پھر ایک موقع دیا گیا ہے۔