واٹسن اپنے مستقبل کے متعلق پُرعزم

پرتھ۔5مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) آل راؤنڈر شین واٹسن نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا ہے کہ افغانستان کے خلاف آسٹریلیا کی ریکارڈ 275رنز کی کامیابی کے دوران انہیں ٹیم سے خارج کیا گیا ہے جس کے باوجود وہ اپنے مستقبل کے متعلق پُرعزم ہیں۔ کامیاب ترین آل راؤنڈر جو کہ گذشتہ کئی برسوں سے آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے مستقل رکن ہونے کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر ان کا اوسط 50رنز سے زائد ہے لیکن حالیہ عرصہ میں ناقص مظاہروں کے بعد واکا میں منعقدہ گذشتہ مقابلہ میں انہیں ٹیم سے خارج کرتے ہوئے ان کے مقام پر دوسرے آل راؤنڈر جیمس فالکنر کو قطعی 11کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا ۔ واٹسن نے کہا کہ انہیں خود پر اور اپنی صلاحیتوں پر اعتماد ہے اور جب موقع آئے گا تو وہ اس سے فائدہ اٹھانے کیلئے تیار ہیں ۔ واٹسن نے اعتراف کیا ہے کہ وہ جانتے ہیں کہ انہوں نے رنز نہیں بنائے ہیں لہذا موجودہ صورتحال کیلئے وہ خود کو ہی ذمہ دار قرار دیتے ہیں ۔ واٹسن جو کہ جون میں 34برس ہوجائیں گے ‘ انہیں افغانستان جیسی دوسرے درجہ کی ٹیم کے خلاف فام میں واپسی کا موقع بھی نہیں دیا گیا ‘ حالانکہ ان کے نام کئی ریکارڈس درج ہیں ۔ واٹسن اور رکی پونٹنگ نے آسٹریلیا کیلئے ونڈے کرکٹ میں 252رنز کی پارٹنرشپ نبھائی تھی جسے گذشتہ مقابلہ میں ڈیوڈ وارنر اور اسٹیواسمتھ نے توڑ دیا ہے ۔ گذشتہ مقابلہ میں ایسا محسوس ہورہا تھا کہ واٹسن کا آسٹریلیا کیلئے ریکارڈ 185 کی ناقابل تسخیر اننگز بھی ماضی بن جائے گی لیکن وارنر 178رنز پر آؤٹ ہوگئے جیسا کہ وکٹ پر جب وارنر موجود تھے تو واٹسن کا ریکارڈ خطرہ میں دکھائی دے رہا تھا ۔