جنیوا۔5اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) راجرفیڈرر نے اپنے حریف مکھائیل کوکوشکن کو راست سیٹوں میں شکست دیتے ہوئے قزاقستان کے خلاف اپنے ملک سوئیزرلینڈ کی ٹیم کو ڈیوس کپ کے مقابلوں میں واپسی کا موقع فراہم کیا ہے ۔ کیونکہ ٹورنمنٹ کے افتتاحی مقابلے میں آسٹریلین اوپن چمپئن اسٹانسلس واورنکا کو شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ 15ہزار مقامی شائقین کو فیڈرر نے اُس وقت جشن کا ماحول فراہم کیا جب انہوں نے حریف کھلاڑی کو 6-4 ‘ 6-4 ‘ 6-2سے اندرون دو گھنٹے شکست دیتے ہوئے ٹیم کو مساوی موقف میں لاکھڑا کیا ۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ وہ اپنے مظاہرے سے کافی مطمئن ہیں ۔
کیونکہ انہیں اس مقابلے میں شرکت کے قبل 0-1سے پیچھے رہنے کا کوئی دباؤ نہیں تھا۔ فیڈرر سے قبل افتتاحی مقابلے میں عالمی نمبر 3اور آسٹریلین چمپئن واورنکا کو اینڈری گولو بیو کے خلاف 7-6(5) ‘ 6-2‘ 3-6‘ 7-6(5) سے شکست برداشت کرنی پڑی ۔ مقامی شائقین کیلئے واورنکا کی یہ شکست اس لئے بھی حیران کن رہی کیونکہ انہیں ایک ایسے کھلاڑی کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی جو کہ عالمی درجہ بندی میں 64ویں مقام پر فائز ہے۔واورنکا جب میدان میں داخل ہوئے تو شائقین نے کھڑے ہوکران کا خیرمقدم کیا تھا۔ سوئیزرلینڈ کی کوشش ہے کہ وہ 2003ء کے بعد پہلی مرتبہ ڈیوس کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرے ۔