واورنکا کو شکست‘ فیڈرر اور جوکووچ کی پیشقدمی

انڈین ویلس۔13مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ نے پہلے سیٹ میں ناکامی کے باوجود کروشیا کے مارین سیلک کو ایک مسابقتی مقابلہ میں شکست دیتے ہوئے انڈین ویلس اوپن کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ عالمی درجہ بندی میں 24ویں مقام پر فائز مارین نے پہلا سیٹ صرف 20منٹوں میں اپنے نام کرتے ہوئے جوکووچ کیلئے مقابلے میں مشکل حالات پیدا کردیئے لیکن چمپئن کھلاڑی نے مقابلہ 1-6 ‘ 6-2 ‘ 6-3سے اپنے نام کرلیا ۔ دریں اثناء 17مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن راجر فیڈرر نے پری کوارٹر فائنل مقابلہ میں سابق عالمی نمبر ایک ٹامی ہاس کو باآسانی 6-4‘ 6-4سے شکست دیتے ہوئے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ان کا مقابلہ جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن سے ہوگا

جنہوں نے آسٹریلین اوپن چمپئن اسٹانسلس واورنکا کو ایک سخت مقابلہ کے بعد 7-6(7-1) ‘ 4-6‘ 6-1 سے شکست دی ۔ واورنکا جو کہ ایک عرصہ سے فیڈرر کی فتوحات کی وجہ سے پس پردہ رہ چکے ہیں تاہم انہوں نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں عالمی نمبر ایک نڈال کو شکست دیتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے تاہم انہیں گرانڈ سلام ٹورنمنٹ کے بعد شرکت کررہے پہلے ٹورنمنٹ میں اور 2014ء کی پہلی شکست برداشت کرنی پڑی۔ ومبلڈن چمپئن اینڈی مرے کو بھی ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑا ہے جیسا کہ میلوس رونک نے بہ آسانی ٹورنمنٹ سے باہر کردیا ہے ۔

رونک کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ الگزینڈر ڈولگو پولو سے ہوگا جنہوں نے اپنے گذشتہ مقابلہ میں عالمی نمبر ایک رافل نڈال کو شکست دی ہے ۔ جوکووچ کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ فرانس کے جولین بنیٹو سے ہوگا جنہوں نے اسپین کے فلیشیانو لوپیز کو 6-3 ‘7-6(7-4)سے شکست دی۔ خاتون زمرہ کے مقابلوں میں سابق ومبلڈن فائنلسٹ راڈوانسکا نے سربیائی ٹینس اسٹار ایلینا یانکووچ تین سیٹوں پر مشتمل ایک سخت مقابلہ کے بعد 7-5 ‘2-6 ‘6-4سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ان کا مقابلہ رومانیہ کے سیمونا ہالپ سے ہوگا ۔ جنہوں نے اپنے کوارٹر فائنل مقابلہ میں آسٹریلیا کی کوالیفائر کھلاڑی کے سی کو راست سیٹوں میں 6-2 ‘6-2سے شکست دی ہے ۔

پیس جوڑی کو شکست
ہندوستانی ٹینس اسٹار لینڈر پیس اور ان کے چیک جمہوریہ ساتھی کھلاڑی راڈک اسٹیپنک کو سخت جدوجہد کے باوجود آسٹریلین اوپن چمپئن واورنکا اور ان کے ساتھی کھلاڑی فیڈرر کے خلاف 3-6 ‘ 7-6(6) ‘ 4-10کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔