والی بال میں ہندوستانی مینس ٹیم کو جنوبی کوریا کے مقابلہ میں شکست

انچیون 28 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایشین گیمس میں آج والی بال میں ہندوستانی مینس ٹیم کو جنوبی کوریا کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ گروپ ای کے اس میچ میں ہندوستان کو 22 – 25, 25 – 27, 18 – 15 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ ہندوستان کو حالانکہ اس مقابلہ میں شکست ہوئی ہے لیکن اس نے جنوبی کوریا کی پسندیدہ ٹیم سے سخت مقابلہ کیا تھا ۔ ہندوستان کو شکست کی وجوہات میں جی آر ویشنو کی عدم کارکردگی شامل ہے جو اپنے فارم میں نہیں ہیں۔ 6 فیٹ 9 انچ قامت والے ویشنو نے اس میچ میں صرف چار پوائنٹس اسکور کئے ۔ پنجاب کے سینئر کھلاڑی گریندر سنگھ نے نیٹ پر بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 13 پوائنٹس بنائے ۔ جبکہ نوین راجہ جیکب نے 10 پوائنٹس اسکور کئے ۔ لیبیرو کنگاراج شیوا سبرامنیم بھی آج اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے اور انہوں نے دفاع میں کچھ پوائنٹس گنوائے ۔ پربھاکرن بھی آج اپنی ٹیم کیلئے موثر ثابت نہیں ہوسکے ۔