تہران ۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران میں مردوں کا والی بال میچ دیکھنے کے الزام میں گرفتار ایرانی نژاد برطانوی خاتون غنچہ گوامی کے وکیل کے مطابق ان کی موکلہ کو نظام کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کے الزام میں ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔25سالہ غنچہ کو رواں سال جون میں اس میچ دیکھتے ہوئے اسٹیڈیم سے حراست میں لیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق غنچہ کو دارالحکومت تہران کی جیل میں قید کیا گیا ہے۔ بظاہر غنچہ کو 20 جون کو میچ کے بعد گرفتار کیا گیا۔ اس وقت وہاں خواتین کے میچ دیکھنے پر پابندی کے خلاف احتجاج کیا جا رہا تھا لیکن غنچہ کے بھائی امان نے کہا کہ ان کی بہن صرف اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے گئی تھی۔ غنچہ کو گرفتار کرنے کے بعد رہا کر دیا گیا تھا لیکن جب وہ دوبارہ اپنا سامان لینے گئیں تو انھیں پھر حراست میں لے لیا گیا۔ امان کے مطابق ان کے والدین کو گرفتاری کے تقریباً 50دن بعد اپنی بیٹی سے ملنے کی اجازت دی گئی۔ حقوق انسانی کی عالمی تنظیم ایمنٹسی انٹرنیشنل کے مطابق ایران میں خواتین پر فٹبال میچ دیکھنے پر سال 1979سے پابندی عائد ہے جبکہ سال 2012 میں اس پابندی میں والی بال میچوں کو بھی شامل کر دیا گیا۔ تنظیم کے مطابق 13 جون سے اس مسئلے پر دوبارہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب ایران اور برازیل کے مابین میچ کے دوران برازیل کی خواتین کو میچ دیکھنے کی اجازت دی گئی تاہم ایرانی خواتین کو اجازت نہیں مل سکی۔