والد کی ڈانٹ پر عشق میں گرفتار کمسن طالبہ کی خودکشی

حیدرآباد /11 مارچ ( سیاست نیوز ) کمسن طالب علم کے عشق میں گرفتار ایک کمسن طالبہ نے والد کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ ڈنڈیگل پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 15 سالہ جنیفر نے کل رات انتہائی اقدام کرتے ہوئے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ جنیفر راجیو گاندھی نگر علاقہ کے ساکن فنی کمار کی بیٹی تھی ۔ یہ لڑکی ایک مقامی خانگی اسکول میں زیر تعلیم تھی اور 9 ویں جماعت کی طالبہ تھی ۔ جنیفر اسی اسکول کے 10 ویں جماعت کے طالب علم نیونیت سے محبت کرتی تھی اور دونوں کی عاشقی کے اسکول میں چرچے تھے ۔ مقامی ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ دونوں کو اپنی حرکتوں سے باز رکھنے کیلئے اسکول انتظامیہ اساتذہ نے کئی مرتبہ سمجھایا تھا تاہم دونوں داشقی میں کافی دلیری کا مظاہرہ کر رہے تھے ۔ ان کی حرکتوں سے تنگ آکر اسکول انتظامیہ نے انہیں اسکول سے نکال دیا تھا ۔ گذشتہ روز 9 مارچ کی رات جنیفر اپنے سیل فون میں مصروف تھی اور اس کے والد فنی کمار نے اسے دیکھ لیا تھا ۔ جنیفر سیل فون میں پیام ٹائپ کر رہی تھی کہ اس کے والد نے اسے کافی ڈانٹ ڈپٹ کی جس سے دلبرداشتہ ہوکر لڑکی نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس ڈنڈیگل مصروف تحقیقات ہے ۔