معراج النبیؐ کانفرنس پر رحمت عالم کمیٹی کا اجلاس، مولانا اقبال احمد رضوی القادری اور ڈاکٹرمحمد عبدالنعیم قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 مئی (راست) معراج مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم معجزات نبوی ؐ میں سے ایک عظیم الشان معجزہ ہے۔ اللہ رب العلمین نے انسانوں کی ہدایت کیلئے کم و بیش ایک لاکھ 24 ہزار انبیاء کرام کو مبعوث فرمایا اور ہر نبی کو اس دور کے لحاظ سے معجزات عطا فرمائے لیکن اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب کو سراپا معجزہ بنا کر مبعوث فرمایا۔ ان خیالات کا اظہار مولانا اقبال احمد رضوی القادری نے قادریہ اسلامک سنٹر دبیرپورہ میں کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیراہتمام منعقد شدنی 19 ویں سالانہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کے ضمن میں منعقدہ ایک اجلاس سے کیا۔ اجلاس کا آغاز حافظ و قاری شیخ حسین قادری ملتانی کی قرأت سے ہوا۔ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں محمد عبدالکریم نے ہدیہ نعت پیش کی۔ مولانا نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ واقعہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صبح قیامت تک کیلئے ساری بنی نوع انسانی کیلئے قابل فخر معجزہ ہے اور عبدیت کی معراج کی فقید المثال کرامات ہے جس کے ذریعہ ساری انسانیت کیلئے اصلاحی انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہیکہ 26 مئی 2014ء پیر کو بعد نماز عشاء مغلپورہ پلے گراونڈ پر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی معراج النبی کانفرنس منعقد ہے جس میں ملک کے ممتاز و جید علماء کرام شرکت و خطاب کریں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری (فاضل جامعہ نظامیہ) نائب صدر رحمت عالم کمیٹی نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کے ذریعہ ملنے والے آفاقی پیغام پر روشنی ڈالی اور اس سے ملنے والی درس و نصیحت پر عمل پیرا ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہیکہ واقعہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مکمل طور پر ملت اسلامیہ کا ہر فرد آگاہ رہے۔ اس معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ امت مسلمہ اپنے عقائد و اصلاح کیلئے صحیح سمت متعین کرسکے۔ مولانا انصار رضا قادری نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مختلف گوشوں کو احادیث کی روشنی میں پیش کیا۔ جناب محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی) نے کہا کہ بالخصوص بنگلہ دیش، کچھوچھہ شریف، الجامعتہ الاشرفیہ کے بیرونی علماء و مقررین بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے جبکہ مقامی علماء کرام کی بھی شرکت ہوگی۔ عنقریب بیرونی علماء کرام کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا اور اس معراج النبی کانفرنس کو کامیاب بنانے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔ سامعین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے الحمدللہ مغلپورہ پلے گراونڈ پر تقریباً 50 ہزار سے زیادہ سامعین کی شرکت کو ممکن بنایا جارہا ہے۔ اجلاس میں سید لئیق قادری، سید عثمان قادری، محمد عمر فاروق، سید رؤف قادری، محمد احسن شریف، محمد ندیم قادری، سید غوث قادری، سید طاہر حسین قادری، سید طاہر علی، محمد عبیداللہ سعدی قادری، محمد امجد، محمد عبدالکریم رضوی، سید یونس برکاتی نے شرکت کی۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام اور دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔