بنگلورو، 28ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے جارح بلے باز ڈیوڈ وارنر ایک روزہ کرکٹ میں اپنے 100ویں میچ میں سنچری بنانے والے دنیا کے آٹھویں اور آسٹریلیا کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔30سالہ وارنر نے ہندوستان کے خلاف جمعرات کو یہاں چوتھے ونڈے میں 119گیندوں میں12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 124رن کی شاندار اننگز کھیلی جو ان کے کیرئیر کی 14ویں سنچری تھی۔ وارنر نے اس طرح اپنے 100ویں ون ڈے کو یادگار بنایا۔ آسٹریلیائی بلے باز سے پہلے یہ اعزاز ویسٹ انڈیز کے گارڈن گرینج، کرس گیل اور رام نریش سروان، نیوزی لینڈ کے کرس کینس، پاکستان کے محمدیوسف ، سری لنکا کے کمارسنگاکارا اور انگلینڈ کے مارکس ٹریسکوتھک حاصل کیا تھا۔ وارنر سے پہلے یہ کارنامہ انجام دینے والے آخری بلے باز سروان تھے جنہوں نے مئی 2006ء میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ ان آٹھ بلے بازوں میں تین کے ساتھ یہ دلچسپ بات ہے کہ انہوں نے ہندوستان کے خلاف ون ڈے میں یہ کارکردگی پیش کی ہے ۔پہلے کینس نے پھر سروان نے اور اب وارنر نے ہندوستان کے خلاف سنچری بناکر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔