وشاکھاپٹنم ، 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)ڈیوڈ وارنر کے شاندار 91 رنز اور پہلی وکٹ کیلئے شکھر دھون (54) کے ساتھ اُن کی 130 رنز کی رفاقت کے بل بوتے پر سن رائیزرس حیدرآباد نے کولکاتا نائیٹ رائیڈرس کے خلاف آج یہاں مقررہ 20 اوورس میں 176/4 کا اسکور کھڑا کیا ۔ میزبانوں کی اننگز کے بعد بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں چند اوورس گھٹاتے ہوئے گوتم گمبھیر کی کے کے آر ٹیم کو 12 اوورس میں 118 کا نظرثانی شدہ ٹارگٹ دیا گیا ۔ حیدرآباد نے پہلے بیٹنگ کی دعوت پر شروعات شاندار کی اور ایک مرحلہ پر لگ بھگ 200 کا مجموعی اسکور یقینی نظر آرہا تھا لیکن کپتان وارنر کے آؤٹ ہوجانے کے بعد دیگر بیٹسمین رنوں کی رفتار برقرار نہیں رکھ پائے ۔ مورنے مورکل نے 2/31 کے اعداد و شمار درج کرائے جبکہ سنیل نارائن (0/38) کو آج وکٹ نہ ملی ۔
کیشپ ایشیاچمپین شپ کے پری کوارٹرس میں داخل
ووہان (چین) ، 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان کے پی کیشپ نے اپنے کیرئیر کا ایک طویل میچ کھیلا مگر سخت مسابقت کے بعد تین گیم کا مقابلہ چائنیز تائپی کے جن ہاؤسو کے مقابل جیت کر آج یہاں دو لاکھ امریکی ڈالر والی بیاڈمنٹن ایشیا چمپین شپ کے پری کوارٹر فائنلس میں رسائی حاصل کرلی۔ مینس سنگلز مقابلے میں جو زائد از دیڑھ گھنٹہ چلا ، کیشپ نے خوب پسینہ بہایا اور ووہان اسپورٹس سنٹر جمنازیم میں اپنے حریف کو 15-21 ، 21-18 ، 21-19 سے شکست دی۔ کامن ویلتھ گیمس چمپین کیشپ کا اب ساتویں سیڈ چینی ژینگ مینگ وانگ سے مقابلہ ہوگا جنھوں نے ایک دیگر میچ میں تھائی لینڈ کے بونساک پونسانا کو ہرایا ۔