ایڈیلیڈ 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے آج ہندوستان کے خلاف کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے چوتھے دن دوسری اننگز میں سنچری اسکور کرتے ہوئے 2014 میں 1000 رنز مکمل کرلئے ہیں۔ وارنر 2014 میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے اوپنر بنے ہیں، جبکہ آخری مرتبہ 2012 میں انگلینڈ کے کپتان اور بائیں ہاتھ کے اوپنر الیسٹر کُک نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ بائیں ہاتھ کے وارنر نے یہ کارنامہ 166 گیندوں پر مشتمل 102 رنز کی اننگز کے دوران انجام دیا ہے۔ وارنر کی یہ مقابلے میں دوسری سنچری ہے جیسا کہ انہوں نے پہلی اننگز میں 145 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔آسٹریلیا کی جانب سے آخری مرتبہ 2009 میں سیمن کاٹج نے 1111 رنز بنائے تھے۔ 28 سالہ وارنر 2014 میں 1000 رنز مکمل کرنے والے پانچویں بیٹسمین ہیں۔ قبل ازیں ٹسٹ کرکٹ میں رواں سال یہ کارنامہ انجام دینے والے کھلاڑیوں میں کمارا سنگاکارا (1486)، انجیلو میتھوز ) 1201)، مہیلا جئے وردھنے (1003) اور یونس خان (1213) شامل ہیں۔ وارنر ان دنوں کافی شاندار فام میں ہیں جیسا کہ وہ گذشتہ 11 ٹسٹ اننگز میں 8 مرتبہ نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔