ایڈیلیڈ 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان یہاں کھیلے جارہے چوتھے دن میزبان بائیں ہاتھ کے اوپنر ڈیویڈ وارنر نے ریکارڈ سنچری اسکور کی اور دن کے اختتام پر آسٹریلیائی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 290/5 رنز اسکور کرلئے ہیں، اس طرح میزبان ٹیم کو رواں مقابلے میںمجموعی طور پر 363 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے ۔ قوی امکان ہے کہ کپتان مائیکل کلارک کل کسی بھی وقت اپنی دوسری اننگز کو ختم کرنے کا فیصلہ کرسکتے ہیں اور ہندوستانی ٹیم کو مقابلے میں شکست سے محفوظ رہنے کیلئے دن بھر بیاٹنگ کرنی ہوگی۔ چوتھے دن کھیل کے اختتام پر اسٹیون اسمتھ 64 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 52 رنز اور وکٹ کیپر بیٹسمین براڈ ہاڈن 15 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 14 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے ۔ چوتھے دن آسٹریلیا کے لئے وارنر کی سنچری پھر ایک مرتبہ نمایاں مظاہرہ رہی کیونکہ وارنر دنیا کے ایسے پانچویں بیٹسمین ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے
جنہوں نے ایک ہی سال میں کرکٹ سیزن کے دوران دو مرتبہ ایک ہی ٹسٹ میں دو سنچریاں اسکور کی ہوں ۔ وارنر سے قبل یہ کارنامہ رکی پونٹنگ نے 2006 میں انجام دیا تھا جبکہ سب سے پہلے 1955میں کلائیڈ والکاٹ نے اس فہرست میں اپنا نام درج کروایا تھا۔ 1978 میں سنیل گواسکر نے، 1997 میں اروندر ڈی سلوا نے 1997 میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ وارنر نے اپنی اس ریکارڈ سنچری کے دوران 166 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 102 رنز بنائے جس میں 11 چوکے اور ایک چھکا بھی شامل ہیں۔ وارنر کی سنچری میں ہندوستانی بولروں اور فیلڈروں کے علاوہ ایمپائر کی مہربانی بھی شامل رہی۔سب سے پہلے جس وقت وارنر 66 رنز پر کھیل رہے تھے اس موقع پر ہندوستانی فاسٹ بولر ورون آرون نے انہیں بولڈ کیا لیکن کچھ دیر بعد ٹی وی رپلے پر ظاہر ہوا کہ آرون کی گیند نو بال تھی۔ چائے کے وقفہ کے بعد ایمپائر نے ایک فیصلہ کو اس وقت مسترد کردیا جب گیند حالانکہ ان کے گلاوز کو چھو کر وکٹ کیپر کے ہاتھوں میںپہنچی تھی۔ وارنر کو ایک موقع مرلی وجئے نے بھی دیا جنہوں نے سلپ میں کیچ چھوڑا۔ شین واٹسن ( 33) اور مائیکل کلارک(7 ) کے بعد وارنر کے آوٹ ہونے پر اسمتھ اور مچل مارش یکجا ہوئے
اور اس جوڑی میں خصوصاً مارش نے صرف 26گیندوں میںچار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 40 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کی سبقت کو تیزی کے ساتھ مستحکم کیا۔ہندوستان کیلئے کرن شرما جن کو مارش نے اپنی تیز رفتار بیاٹنگ کا نشانہ بنایا تھا وہ 95 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ محمد سمیع، روہت شرما اور ورون آرون نے فی کس ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ قبل ازیں ہندوستان نے اپنے کل کے اسکور 369/5 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور ساری ٹیم 444 رنز پر آوٹ ہوگئی ۔ کل کے ناٹ آوٹ بیٹسمین روہت شرما جن سے ایک بہتر اننگز کی امید کی جارہی تھی وہ 43 رنز اور وردھمان ساہا 25 رنز بناکر آوٹ ہوئے جبکہ محمد سمیع نے 24 گیندوں میں 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے تیز رفتار 34 رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کیلئے نیتھن لیون نے 134 رنز کے عوض 5کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔