دبئی۔27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ سنچریاں بنانے والے آسٹریلیائی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو عمدہ کارکردگی کا انعام مل گیا ہے اور وہ کیریئر میں پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک بیٹسمین بن گئے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ونڈے سیریز میں بہترمظاہرہ کرنے والے بابر اعظم بھی دس بہترین بیٹسمینوں میں شامل ہو گئے ہیں۔ڈیوڈ وارنر نے پاکستان کے خلاف سیریز میں دو سنچریاں بنانے کے علاوہ سیزن میں چھ سنچریاں بنا کر کمار سنگاکارا کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا اور اس شاندار کارکردگی پر وہ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آ گئے ہیں۔سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم 282 رنز بنانے کے بعد ٹاپ ٹین میں شامل ہوئے ہیں اور وہ پانچ درجے چھلانگ لگا کر دسویں نمبر پر موجود ہیں۔آئی سی سی کی ونڈے درجہ بندی کی تازہ تبدیلیوں میں جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز دوسرے، ہندوستان کے کپتان ویراٹ کوہلی تیسرے، کوئنٹن ڈی کوک چوتھے اور کین ولیمسن پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔بولرس کی درجہ بندی میں پاکستان کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھانے پر مچل اسٹارک دو درجہ ترقی کر کے دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ ٹرینٹ بولٹ بدستور پہلے نمبر پر فائز ہیں۔فہرست میں عمران طاہر تیسرے، سنیل نارائن چوتھے اور جوش ہیزل وڈ کیریر کے بہترین پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔بولروں میںکوئی پاکستانی ابتدائی دس کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل نہیں اور 17ویں نمبر پر موجود محمد عرفان اس فہرست میں سب سے کامیاب بولر ہیں۔ٹیموں کی درجہ بندی میں پاکستانی ٹیم سیریز کا واحد میچ جیتنے پر اپنا آٹھواں مقام بچانے میں کامیاب رہی جبکہ آسٹریلیا 120 نشانات کے ساتھ عالمی نمبر ایک کے منصب پر فائز ہے۔جنوبی افریقہ دوسرے، ہندوستان تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، انگلینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں اور ویسٹ انڈیز پاکستان سے تین نشانات کمی کے ساتھ نویں نمبر پر موجود ہے۔