بنگلورو ، 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سن رائزرز حیدرآباد کے مینٹور وی وی ایس لکشمن نے ڈیوڈ وارنر کی کپتانی کو سراہا ، جنھوں نے پیش پیش رہ کر قیادت کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو پہلا انڈین پریمیر لیگ ٹائٹل جتوایا، اور کہا کہ آسٹریلیائی اسٹار نے ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کو پُرجوش بنایا۔ لکشمن نے کل شب یہاں فائنل میں سن رائزرز کی جانب سے رائل چیلنجرز بنگلور کے قدم اُکھاڑ دینے کے بعد ٹورنمنٹ کی ویب سائٹ کو بتایا: ’’میرے خیال میں اُس (وارنر) نے آگے آگے رہتے ہوئے قیادت کی ہے۔ وہ جوش و خروش دلانے والا کھلاڑی ہے جو بہ یک وقت نہایت مثبت اور جارح انداز رکھتا ہے۔ لیکن انھوں نے ٹیم کے سب سے اہم ارکان میں شامل رہنے کا دباؤ ہونے کے باوجود جس طرح بیٹنگ کی وہ غیرمعمولی بات ہوئی ہے۔‘‘ وارنر اس کامپٹیشن میں 843 رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کیلئے سب سے کامیاب بیٹسمن ثابت ہوئے۔ انھوں نے بہ اوسط 60.57 اسکور کرتے ہوئے 50 سے زائد کی اننگز 9 مرتبہ کھیلی۔ لکشمن کا تاثر ہے کہ وارنر نے محض اپنی بیٹنگ کے ذریعے نہیں بلکہ ٹیم کی عمدہ قیادت بھی کرتے ہوئے ہمہ جہت فرق پیدا کیا۔ لکشمن نے بھونیشور کمار، مستفیض الرحمن، آشیش نہرا، یوراج سنگھ، بین کٹنگ، لیفٹ آرم پیسر بریندر سرن کی بھی تعریف کی۔