وارنر بال ٹیمپرنگ کے اصل ذمہ دار: بین کرافٹ

سڈنی ۔26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی کرکٹر کیمرون بین کرافٹ نے جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاون ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کا ذمہ دار نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کو قرار دے دیا۔ بین کرافٹ نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ڈیوڈ وارنر نے انہیں گیند کی شکل تبدیل کرنے لئے کہا تھا، انہیں کہا گیا کہ سارا کام آپ کو کرنا ہے، تو اس وقت میں نے وہی کیا جو بہتر لگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اپنی غلطی کی بہت بڑی قیمت ادا کرنا پڑی ہے ، یہ ایک مشکل وقت تھا جوگزر گیا اور اب میں خوش ہوںکہ چند دنوں بعد میری پابندی ختم ہو رہی ہے۔ کیپ ٹاون ٹسٹ میں بال ٹیمپرنگ پر اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر فی کس ایک سال کی پابندی عائد کی گئی، جبکہ کیمرون بین کرافٹ کو نو ماہ پابندی کی سزا دی گئی جو 29 دسمبر کو ختم ہو رہی ہے۔یاد رہے کہ بال ٹیمپرنگ کے تنازعہ نے نہ صرف آسٹریلیائی کرکٹ کو داغدار کردیا بلکہ اس کے دو اہم کھلاڑیوں اسمتھ اور وارنر کو ٹیم سے بھی باہر کردیااور ٹیم کے نواجون اوپنر بین کرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عاید کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں اس تازہ اسکینڈل کو آسٹریلیائی کرکٹ کی تاریخ میں 1981ء کے اْس واقعے کے بعد کا ’’شرمناک ترین واقعہ‘‘ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں آسٹریلیائی ٹیم کے سابق کپتان گریگ چیپل نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے ایک ونڈے میچ میں اپنے بھائی ٹریور چیپل کو ’’انڈر آرم‘‘ گیند کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ تب آخری گیند پر نیوزی لینڈ کو میچ برابر کرنے کیلئے 6 رنز درکار تھے اور یہ واقعہ آج بھی یاد کیا جاتا ہے