بنگلور و ۔ 27 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز پہلے ہی گنوانے کے باوجود آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ ٹیم کی تمام تر توجہہ اب انگلینڈ کے خلاف آئندہ ماہ کھیلی جانے والی ایشز سیریز سے قبل ہندوستان میں مابقی مقابلوں میں بہتر مظاہرہ کرنے پر مرکوز ہے ۔ عالمی چمپیئن آسٹریلیا کو ہندوستان کے خلاف رواں ونڈے سیریز کے ابتدائی تین مقابلوں میں ناکامی برداشت کرنی پڑی ہے لیکن اسٹیو اسمتھ کی زیرقیادت مہمان ٹیم ونڈے کے ماباقی دو مقابلوں کے علاوہ ٹوئنٹی 20 سیریز میں بہتر مظاہرہ کے ذریعہ 23نومبر کو برسبین میں شروع ہونیوالے ایشز سیریز کے پہلے ٹسٹ سے قبل اپنی ساکھ بحال کرنے کی خواہاں ہے۔ کل یہاں ونڈے سیریز کے چوتھے مقابلے سے قبل مہمان نائب کپتان نے پریس کانفرنس میں کہاکہ یقینا ٹوئنٹی 20 سیریز ہنوز باقی ہے اور ہم مابقی دو ونڈے مقابلوں کے علاوہ ٹوئنٹی 20 سیریز میں بھی بہتر مظاہرے کے لئے کوشاں ہیںتاکہ ایشز سے قبل اپنا وقار اور اعتماد بحال کرسکیں۔ وارنر جوکہ اپنے کیرئیر کا 100 واں ونڈے مقابلہ کھیلیں گے جبکہ کپتان اسمتھ یہ سنگ میل دوسرے مقابلے میں ہی عبور کرچکے ہیں۔ 100 ویں مقابلے کے ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے وارنر نے کہاکہ یقینا یہ میرے لئے اور میرے افراد خاندان کیلئے ایک اعزازی لمحہ ہے ۔ 90 ہزار کے مجموع کے سامنے ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹوئنٹی 20 مقابلے سے کیرئیر شروع کیا تھا اور آج اس مقام پر پہنچنا میرے لئے ایک اعزاز ہے ۔