چٹگانگ ۔ 5 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ڈیوڈ وارنر اور پیٹر ہینڈسکامب کے درمیان غیرمختتم سنچری پارٹنرشپ نے آسٹریلیا کو بنگلہ دیش کے خلاف چٹگانگ میں دوسرے و آخری ٹسٹ کے آج دوسرے روز طاقتور جوابی اننگز کھیلنے میں مدد دی ۔ دورہ کنندگان اپنی پہلی اننگز میں 225/2 تک پہونچ چکے ہیں اور ابھی وہ بنگلہ دیش کے 305 آل آؤٹ کے مقابل 80 رنز پیچھے ہیں۔ وارنر 88 اور پیٹر 69 پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ کپتان اسٹیو اسمتھ نے 94 گیندوں میں روایتی ٹسٹ اننگز کھیلتے ہوئے 58 رنز بنائے اور لیفٹ آرم اسپنر تاج الاسلام کا شکار ہوئے ۔ قبل ازیں آسٹریلیائی آف اسپنر نیتھن لیون نے 7 وکٹیں لیتے ہوئے دن کے پہلے سیشن میں میزبانوں کی اننگز 305 پر سمیٹ دی ۔ لیون نے 7/94 کے متاثرکن اعداد و شمار درج کرائے جس میں کپتان مشفیق الرحیم (68) کی اہم وکٹ شامل ہے۔ بنگلہ دیش کو سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل ہے اور اُسے پہلی مرتبہ طاقتور آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیت کیلئے جاریہ ٹسٹ ڈرا کرالینا کافی ہے ۔