وارنر آسٹریلیا کا ٹاپ ایوارڈ دوبارہ جیتنے میں کامیاب

ملبورن ، 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دھماکو اوپننگ بیٹسمن ڈیوڈ وارنر نے آسٹریلین کرکٹ کا سرکردہ انفرادی انعام ’’ایلن بارڈر میڈل‘‘ آج رات یہاں متواتر دوسرے سال جیت لیا ہے، جس کیلئے کپتان اسٹیو اسمتھ اور پیس بولر مچل اسٹارک کو پیچھے چھوڑ دیا۔ وارنر متواتر ایوارڈز جیتنے والے چوتھے کھلاڑی بنے۔ ان سے قبل دو سابق کپتان رکی پانٹنگ اور مائیکل کلارک نیز آل راؤنڈر شین واٹسن یہ اعزاز حاصل کئے تھے۔ ٹسٹ وائس کیپٹن کی حیثیت سے وارنر نے سیزن کا اختتام پاکستان کے خلاف ملبورن اور سڈنی میں متواتر مقابلوں میں سنچریوں کے ساتھ کیا۔ وہ سڈنی ٹسٹ کے اوپننگ سیشن میں 100 رنز بنانے والے ایسے منفرد بیٹسمن بھی بنے جس نے آسٹریلیا میں یہ کارنامہ انجام دیا ہو۔ 30 سالہ لیفٹ ہینڈر کو سروے میں آسٹریلیا کا لمیٹیڈ اوورز انٹرنیشنل پلیئر آف دی ایئر بھی قرار دیا گیا تھا۔ انھوں نے ووٹنگ مدت میں سب سے زیادہ 1,388 رنز بنائے۔