وارنر آسٹریلیائی ورلڈ کپ ٹیم واپسی کیلئے پرعزم

میلبورن۔27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) جارحانہ آسٹریلیائی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ آئندہ برس مجوزہ آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ کیلئے ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے کیلئے پر عزم ہوں۔دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد وارنر کو کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے ایک برس کی معطلی کا سامنا ہے۔سزا ختم ہونے کے بعد ان کیلئے دوبارہ ٹیم میں جگہ بنانا مشکل ہو گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیم سے دوری کی وجہ جو بھی ہو تکلیف دہ ہوتی ہے، بلاشبہ یہ مشکل وقت ہے لیکن معطلی کے عرصے کے دوران میری کوشش ہے کہ فارم اور فٹنس کو برقرار رکھ سکوں تاکہ میرے لئے واپسی کرنا آسان ہو۔ انہوں نے کہا کہ میں کرکٹ سے جنون کی حد تک لگاو رکھتا ہوں ورنہ شاید سبکدوش ہو چکا ہوتا اسلئے میں ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے کیلئے سخت محنت اور سرتوڑکوشش کروں گا۔