دبئی۔6مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کے خلاف آسٹریلیا کی تاریخ ساز کامیابی میں کلیدی رول ادا کرنے والے اوپنر ڈیوڈ وارنر کو ان کے شاندار مظاہروں کا صلہ درجہ بندی میں بہتر مقام کے ذریعہ حاصل ہوا ہے جیسا کہ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ریلائنس درجہ بندی میں وہ کریئر کے بہترین مقام پانچ پر پہنچ چکے ہیں جب کہ ہندوستانی بیٹسمین ویراٹ کوہلی کو دو مقامات کا نقصان برداشت کرنا پڑا ‘ جس کے بعد وہ 10ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں ۔ ڈیوڈ وارنر جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں منعقدہ سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بالترتیب 135 اور 145رنز کی شکل میں اسکور کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول اداکیا ہے ۔
علاوہ ازیں کپتان مائیکل کلارک نویں مقام پر موجود ہیں اور اس طرح وہ سرفہرست دس کھلاڑیوں میں موجود دوسرے آسٹریلیائی بیٹسمین ہیں ۔ درجہ بندی میں پہلے مقام پر ہنوز اے بی ڈی ویلئرس موجود ہیں جب کہ دوسرے مقام پر کمار سنگاکارا اور تیسرے مقام پر شیونارائن چندراپال موجود ہیں جب کہ کوہلی واحد ہندوستانی بیٹسمین ہیںجو کہ سرفہرست 10کھلاڑیوں میں شامل ہیں ۔ بولنگ شعبہ میں ریان ہاریس جنہوں نے کیپ ٹاؤن ٹسٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 95رنز دے کر 7کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا وہ اس مظاہرے کے ذریعہ دو مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئیے کریئر میںپہلی مرتبہ دوسرا مقام حاصل کرلیا ہے اور انہوں نے حریف بولر ورنان فیلنڈر اور ساتھی بولر میچل جانسن کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔