وارناسی ودیاپیٹھ انتخابات ‘ اے بی وی پی تمام نشستوں پر ناکام

 

وارناسی 4 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کی طلبا تنظیم اے بی وی پی کو وارناسی مہاتما گاندھی ودیاپیٹھ کے انتخابات میں تمام نشستوں پر بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ ان انتخابات میں آزاد امیدواروں کے علاوہ کانگریس کی طلبا تنظیم این ایس یو آئی اور سماجوادی چھاترا سبھا ( ایس سی ایس ) کے امیدواروں نے تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ ایک آزاد امیدوار راہول دوبے نے صدارتی عہدہ پر کامیابی حاصل کی جبکہ این ایس یو آئی اور ایس سی ایس کے ایک امیدوار روشن کمار کو نائب صدر منتخب کرلیا گیا ہے ۔ ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں یہ بات بتائی گئی ۔ راہول دوبے حالیہ وقت تک سماجوادی چھاترا سبھا سے تعلق رکھتے تھے تاہم انہوں نے اس سے استعفی پیش کرتے ہوئے بحیثیت آزاد امیدوار صدارتی انتخاب میں مقابلہ کیا تھا ۔ انہوں نے اے بی وی پی کے امیدوار والمیکی اپادھیائے اور این ایس یو آئی ۔ ایس سی ایس کے ورون یادو کو صدارتی انتخابات میں شکست سے دوچار کردیا ۔ انہوں نے ایک ہزار ووٹوں کی اکثریت سے یہ کامیابی حاصل کی ۔ نائب صدارتی انتخاب میں این ایس یو آئی ۔ ایس سی ایس کے امیدوار روشن کمار نے اے بی وی پی کے امیدوار دیا شنکر یادو کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی ۔ ان انتخابات میں یونیورسٹی کے تقریبا 58 فیصد طلبا نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا تھا ۔