وارناسی 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ’’ہر ہر مودی‘‘ پر تنازعہ ابھی ختم نہیں ہوا کہ نریندر مودی کے حامیوں نے وارناسی میں ایک اور پوسٹر جاری کیا ہے جس میں درگا دیوی کی تعریف میں ایک اشلوک کو ترمیم کے ساتھ شائع کیا گیا ہے۔ یہ پوسٹر نوراتری سے قبل عوام کو مبارکباد پیش کرنے کے سلسلہ میں شائع کیا گیا ہے۔ نوراتری کے دوران منیشا سورا پر درگا دیوی کی فتح کے سلسلہ میں اُن کی پوجا کی جاتی ہے۔ اصلی اشلوک اُن کی تعریف میں ہے لیکن اِس میں ترمیم کرتے ہوئے درگا کے بجائے مودی کا لفظ شامل کردیا گیا ہے اور اِس ترمیم شدہ نعرے کا مطلب ’’مودی ہر انسان کے دل میں قوم کی شکل میں موجود ہے۔ میں اُنھیں بار بار سلام کرتا ہوں‘‘ ہوتے ہیں۔جب ربط پیدا کیا گیا تو بی جے پی کے کاشی کے کنوینر اشوک چورسیہ نے دعویٰ کیاکہ اصلی اشلوک کو مسخ نہیں کیا گیا ہے یہ ایک نیا نعرہ ہے جس سے مودی کے بارے میں عوامی جذبات ظاہر ہوتے ہیں۔ یہ پوسٹرکل جاری کیا گیا ہے جوشخصی نقطہ نظر پر مشتمل ہے۔ بی جے پی کے نقطہ نظر پر نہیں۔ قبل ازیں مودی کے حامیوں نے مہادیو کے لئے مخصوص نعرہ ’’ہر ہر مودی‘‘ کے ذریعہ تنازعہ پیدا کیا تھا۔